اسلام آباد(صباح نیوز)ملک میں مہنگائی اور ڈالر کی قلت کے باوجود پرتعیش اشیا کی درآمد میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق موجودہ مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں ایک ارب 30کروڑ ڈالر سے زیادہ مالیت کے اسمارٹ موبائل فونز اور کاریں درآمد کی گئیں۔ موبائل فونز اور کاروں کی مقامی مالیت تین سو تہتر ارب روپے سے زیادہ بنتی ہے۔رپورٹ کے مطابق درآمدی موبائل فونز کی مقامی مالیت 326 ارب روپے جبکہ کاروں کی مالیت 47 ارب روپے سے زیادہ بنتی ہے۔ گزشتہ مالی سال سے موازنہ کیا جائے تو ابتدائی 8 ماہ میں اسمارٹ موبائل فونز کی امپورٹ میں 156 فیصد جبکہ کاروں کی درآمد میں 258 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔