• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میٹرو پولیٹن یونیورسٹی، وائس چانسلر کا اشتہار جاری کرنے کی سمری ارسال

کراچی(سید محمد عسکری) بلدیہ عظمی کراچی کے تحت قائم ہونے والی کراچی میٹرو پولیٹن یونیورسٹی (کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج) میں وائس چانسلر کے تقرر کے لیے اشتہار جاری کرنے کی منظوری کے لیے سمری وزیر اعلی سندھ کو ارسال کر دی گئی ہے۔ سمری میں تجویز دی گئی ہے کہ جب تک مستقل وائس چانسلر کا تقرر نہیں ہوجاتا اس وقت تک میٹرو پولیٹن یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے عہدے کا چارج ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سعید قرشی کو دیا جائے اور ان سے لاء یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے عہدے کا اضافی چارج واپس لے لیا جائے یا کراچی کے کسی اور وائس چانسلر کو میٹرو پولیٹن یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے عہدے کا چارج دے دیا جائے۔ذرائع کے مطابق کے میٹروپولیٹین یونیورسٹی (کے ایم ڈی سی کی پرنسپل) ڈاکٹر نرگس انجم بھی قائم مقام وائس چانسلر کیلئے مضبوط امیدوار ہیں وزیر اعلیٰ سندھ یونیورسٹی میں مستقل وائس چانسلر کی تعیناتی تک انھیں قائم مقام وی سی مقرر کرسکتے ہیں۔ یاد رہے کہ گورنر سندھ کامران ٹسیوری نے میٹروپولیٹن یونیورسٹی کراچی کے بل پر دستخط سے انکار کرتے ہوئے بل واپس صوبائی حکومت کو بجھوا دیا تھا اور کہا تھا کہ میئر یا ایڈمنسٹریٹر کو یونیورسٹی کا پرو چانسلر بنایا گیا ہے، دیگر جامعات میں پرو چانسلر، وزیر اعلیٰ سندھ کے اختیارات استعمال کرتا ہے۔ چانچہ الحاق یا اس کے خاتمہ کے سیکشن پر دوبارہ غور کرنے کی ضرورت ہے لہذا بل نظر ثانی کیلئے صوبائی حکومت کو واپس بجھوایا جاتا ہے ۔ تاہم بل10روز کے اندر بھیجنا تھا جس میں 14 روز کی تاخیر کی گئی چناچہ آئین کی 116(2) کی شق کے مطابق یہ سمجھ گیا کہ کہ بل کی منظوری ہوگئی اور 14دسمبر 2023کو یونیورسٹی کے قیام کا ایکٹ جاری کردیا گیا۔ واضح رہے کہ کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج1991 میں ایم کیو ایم کے میئر کراچی ڈاکٹر فاروق ستار نے قائم کیا تھا اور اس میں داخلوں کا میرٹ پر مبنی ایسا منفرد نظام وضع کیا جس میں ڈومیسائل کے ساتھ کراچی سے انٹر اور میٹرک ہونا لازمی قرار پایا جس کی وجہ سے غلط داخلوں، جعلی ڈومیسائل اور کوٹے کا چکر ہی ختم ہوگیا۔
اہم خبریں سے مزید