• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں اس وقت اشرافیہ حکمران ہے، چوہدری محمد سرور

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان میں اس وقت صرف5سے 10فیصد تک اشرافیہ ہی حکمران ہے جب کہ90فیصد عوام کو بنیادی ضروریات زندگی بھی میسر نہیں۔ والدین اپنے بچوں کو زہر دے کر مارنے کے بعد خود اپنی بھی زندگیاں ختم کررہے ہیں۔ گلاسگو میں سرور فائونڈیشن کے چیئرمین عبدالرزاق کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کے خوب صورت ترین ممالک میں سے ہے جہاں ہر طرح کے قدرتی وسائل سمندر، پہاڑ، دریا، جنگلات اور زرخیز زمین ہیں، لیکن ایک استحصالی نظام کے باعث ایک عام آدمی کو ان سے کوئی فائدہ نہیں پہنچ رہا۔ اس نظام کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ پوری دنیا میں امیروں پر ٹیکس لگاکر غریبوں کو دیا جاتا ہے جب کہ پاکستان میں الٹا سسٹم ہے، جہاں پر غریبوں پر ٹیکس لگاکر امیروں کو مزید سہولتیں دی جاتی ہیں چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ پاکستان کی قوم نہایت محنتی و ذہن ہے آبادی کا 60فیصد 30سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے۔ اگر صحیح پالیسیاں اپنائی جائیں تو ہم چند ہی برسوں میں نہ صرف عام قرض اتار سکتے ہیں بلکہ خود کفیل بن سکتے ہیں۔ قونصل جنرل آف پاکستان رانا ثمر جاوید نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع ہیں۔ آپ لوگ وہاں سرمایہ کاری کرکے نہ صرف بھاری منافع حاصل کریں گے، بلکہ اپنے آبائی وطن کی خدمت بھی کریں گے۔ قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ انہیں اسکاٹ لینڈ پاکستان نژاد نوجوانوں کو زندگی کے ہر شعبے میں آگے بڑھتا دیکھ کر نہایت خوشی ہوئی ہے۔ تقریب سے سرور فائونڈیشن یوکے، کے رہنما محمد رزاق، پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما مرزا امین، تحریک انصاف برطانیہ کے جنرل سیکرٹری رانا حامد افضل، ن لیگ یوتھ کے صدر رانا عاصم اور ممتاز سماجی شخصیت چوہدری حنیف آف باتھ ویل نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں نظامت کے فرائض طاہر انعام شیخ نے ادا کیے۔

یورپ سے سے مزید