اسلام آباد(جنگ نیوز/ایجنسیاں) پاکستان میں شوال کا چاند نظر آگیا جس کے بعد آج ملک بھر میں عید منائی جائے گی جبکہ پڑوسی ممالک بھارت اور بنگلہ دیش میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا جس کے بعد وہاں عیدالفطر 11 اپریل بروز جمعرات منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، افغانستان، آسٹریلیا اور لندن میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا تھا جس کے بعد ان ممالک میں عیدالفطر آج 10 اپریل بروز بدھ منائی جائے گی۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس وزارت مذہبی امور کے مرکزی دفتر کوہسار بلاک میں ہوا جس کی صدارت چیئرمین کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی۔
اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا عبدالخبیر آزاد کا کہنا تھا کہ کراچی، دیر، فیصل آباد، اسکردو اور ملک کے مختلف علاقوں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا یکم شوال المکرم 1445 ہجری 10 اپریل بروز بدھ کو ہوگی۔