• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اس عید آزمائیں لذیذ بریانی کی منفرد ریسیپیز کو

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

موقع چاہے کوئی بھی ہو، بریانی کے بغیر دسترخوان ادھورا ادھورا محسوس ہوتا ہے، اسی طرح عید کا تہوار بھی بنا بریانی کے ادھورا  رہ جاتا ہے۔

ہر دسترخوان کی شان، بریانی کی ریسیپیز کی ڈیمانڈ کے پیشِ نظر لذیذ ترکیبیں درج ذیل ہیں جو کہ آپ کا کام آسان کر دیں گی۔

 ادلا بریانی

اجزاء:

بکرے کا گوشت (دستہ) 1 کلو، دہی 2کپ، پیاز 2 درمیانی، نمک 1 چائے کا چمچ، ادرک ، لہسن 2 کھانے کے چمچ، گرم مصالحہ 2- 3 چمچ، چاول 1 کلو، بریانی مصالحہ 1 پیکٹ، براؤن پیاز 2- 3 کھانے کے چمچ، پودینہ ½ پیالی، ہرادھنیہ 2 کھانے کے چمچ، زیرہ ½ چائے کا چمچ ، ادرک 2 – 3 چمچ، دیگی مرچ 2 – 3 کھانے کے چمچ، ہری مرچ 4 – 5 عدد، زردے کا رنگ گارنش کے لئے، کیوڑہ ½ چمچ۔

ترکیب:

گوشت کو میرینیٹ کرنے کے لئے دہی ، پیاز 2 عدد، 1 کھانے کا چمچ نمک اور 2 کھانے کے چمچ ادرک لہسن ڈال کر اچھی طرح میرینیڈ کر کے اسے گلا لیں گے۔

بریانی کے چاولوں کو گرم مصالحہ ڈال کر ابالیں گے۔

اب سب سے پہلے گلے ہوئے گوشت کی تہہ لگائیں گے، اس کے اوپر بریانی مصالحہ ، تلی ہوئی پیاز، 1 کپ دہی، ہرا دھنیہ، پودینہ، زیرہ، ادرک، دیگی مصالحہ، ہری مرچیں ڈال دیں گے۔

اب ان کے اوپر پہلے سے ابلے ہوئے چاولوں کی تہہ لگائیں گے اور اوپر سے تلی ہوئی پیاز، پودینہ زردے کا رنگ، کیوڑا اور 4 کھانے کے چمچ گھی ڈال کر 10 منٹ کے لئے دم پر رکھ دیں گے، لیجئے ادلا بریانی تیار ہے۔

سندھی بریانی

اجزاء:چکن (بڑی بوٹیاں) ڈیڑھ کلو، چاول ایک کلو،دھنیا پاؤڈردو کھانے کے چمچ،لال مرچ (پِسی ہوئی)ایک کھانے کا چمچ،ادرک، لہسن کا پیسٹ دوکھانےکے چمچ،نمک حسبِ ذائقہ،گرم مسالا(پِسا ہوا) ایک چائے کا چمچ، دہی(پھینٹ لیں) ایک پیالی،تیل ایک پیالی، آلو بخارادس عدد، ٹماٹر (کاٹ لیں) چار عدد، آلو درمیانے (دو ٹکڑوں میں کاٹ لیں)چار عددہری مرچیں آٹھ عدد، زردہ رنگ ایک چٹکی اور کیوڑا دو چمچ (کیوڑے میں زردہ رنگ گھول کر رکھ دیں)۔

سجاوٹ کے لیے:ہری مرچیں(لمبائی میں کاٹ لیں) چار عدد،ٹماٹر (گول گول کاٹ لیں)دو عدد،پودینا،ہرا دھنیا آدھی آدھی گڈی۔

ترکیب:ایک باؤل میں چکن، دھنیاپاؤڈر، لال مرچ، ادرک، لہسن کا پیسٹ، نمک، گرم مسالا اور دہی ملا کرایک گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔اس دوران ایک پین میں تیل گرم کرکےپیاز براؤن کریں اور کاغذ پر پھیلا دیں۔.

جب پیاز کرسپی ہوجائیں، تو آدھےچکن میں شامل کردیں۔اب اسی تیل میں چکن ڈال کر تھوڑا سا بھون لیں اور اس میں آلو بخارا، آلو ، ٹماٹر اورہری مرچیں شامل کرکےہلکی آنچ پر پکنے کے لیے رکھ دیں۔

جب مسالا تیل چھوڑ دے ،تو چولھا بند کردیں۔ اب پتیلی میں حسبِ ضرورت پانی لے کر اس میں چاول، نمک اور پودینے کے چند پتّے ڈال کراُبلنے کے لیے رکھیں،جب چاول دو کنی رہ جائیں، تو چھلنی میں چھان کر رکھ دیں۔ پتیلی کے پیندے پر ذرا سا تیل لگا کر آدھے چاولوں کی تہہ بچھائیں،پھر چکن کی تہہ اور دوبارہ چاول کی تہہ بچھا کرآخر میں گارنشنگ کے تمام اجزاء ڈال کر زردہ رنگ چھڑک کے دَم دے دیں۔چٹ پٹی سندھی بریانی تیار ہے۔

کوفتہ بریانی

اجزاء:قیمہ آدھا کلو، چاول آدھا کلو،ادرک کاپیسٹ(کوفتوں کے لیے) ایک کھانے کا چمچ،نمک حسبِ ذائقہ،چنا پاؤڈر تین کھا نے کے چمچ،پیاز(چوپ کی ہوئی) ایک عدد،خشخاش(قدرے موٹا کوٹ لیں) ڈیڑھ کھانے کا چمچ،پودینا(چوپ کیا ہوا) چار چائے کے چمچ،سیاہ مرچ پاؤڈر ایک چائے کاچمچ،ہرا دھنیا(چوپ کیا ہوا) چار کھانے کے چمچ ،ہلدی پاؤڈر ایک چائے کا چمچ،سبز مرچ(چوپ کی ہوئی) دو عدد،سُرخ مرچ(کُٹی ہوئی)ایک چائے کاچمچ،تیل ایک کپ، ٹماٹر (پیسٹ بنالیں) چھے عدد،لال مرچ پاؤڈر دو کھانے کے چمچ،دہی (پھینٹ لیں)آدھا کپ،دھنیا پاؤڈریک کھانے کا چمچ، سفید زیرہ پاؤڈر ایک کھانے کا چمچ، ثابت گرم مسالا ایک چائے کاچمچ،ادرک ،لہسن کا پیسٹ(بریانی کے لیے) دو چائے کے چمچ،پانی دو گلاس اورزردہ رنگ آدھا چائے کا چمچ ۔

سجاوٹ کے لیے: ٹماٹر، ہرا دھنیا، پودینا اور لیموں حسبِ منشاء۔

ترکیب: ایک باؤل میں قیمہ اور چوپ کیا ہواپیاز، پودینا ، دھنیا ،سبز مرچ ، چنا پاؤڈر، ادرک کا پیسٹ، ہلدی، لال مرچ پاؤڈر(ایک کھانے کا چمچ) ،لال مرچ (کُٹی ہوئی آدھا کھانے کا چمچ)، زیرہ پاؤڈر (آدھا کھانے کا چمچ)، دھنیا پاؤڈر(آدھا کھانے کا چمچ) اور سیاہ مرچ پاؤڈر(آدھا چائے کا چمچ)مِکس کر کے کوفتے بنا لیں۔ پھر ایک پین میں آدھا کپ تیل گرم کر کے کوفتے شیلو فرائی کریں۔ اب ایک دوسرے پین میں تین کھانے کے چمچ تیل گرم کریں اور ادرک، لہسن کا پیسٹ ڈال کر ہلکا سابھون لیں۔

پھراس میں ٹماٹر کا پیسٹ، دہی، نمک، لال مرچ پاؤڈر، لال مرچ کُٹی ہوئی ،سیاہ مرچ پاؤڈر، دھنیا پاؤڈر اورزیرہ پاؤڈرڈال کر دو سے تین منٹ تک بھونیں۔پھر اس میں کوفتے شامل کرکےہلکی آنچ ہلکی پر دو سے تین منٹ کا دَم دے دیں۔ اب ایک پتیلی میں تین کھانے کے چمچ تیل گرم کرکےاس میں ثابت گرم مسالا، نمک، پانی اور چاول ڈال کراُبلنے کے لیے رکھ دیں۔جب چاول اُبل جائیں(اگر پانی خشک نہ ہو، تو چھان لیں)، تو چولھا بند کردیں۔ اب ایک کھلے منہ والے پتیلے میں پہلے چاول، پھر کوفتے ڈالیں اور آخر میں چاول کی تہہ لگا کر اس پر سجاوٹ کے اجزاء سجا کے اور زردہ رنگ چھڑک کر آٹھ سے دس منٹ کے لیے دَم دے دیں۔

مسالے دار مچھلی بریانی

اجزاء:چاول(آدھا گھنٹا قبل بھگو دیں) ایک کلو،مچھلی ( صاف ٹکڑے) ایک کلو ،گرم مسالا پاؤڈر دو کھانےکےچمچ، نمک حسبِ ضرورت، سُرخ مرچ پاؤڈر ایک کھانے کا چمچ، ادرک، لہسن کا پیسٹ تین کھانے کےچمچ، لیموں کا رَس چار کھانے کے چمچ، سبز مرچیں حسبِ ذائقہ، ہرا دھنیا ایک گڈی، دہی ایک پائو، زعفران ایک چٹکی (دو چمچ دودھ میں گھول لیں)، ثابت سفید زیرہ (بگھار کے لیے)ایک چمچ اور تیل۔

ترکیب:پہلے ایک باؤل میں دہی اور تمام مسالے ڈال کر خُوب اچھی طرح پھینٹ لیں۔پھر اس میں مچھلی کے ٹکڑےڈال کر آدھے گھنٹے کے لیےرکھ دیں۔ اس دوران دوسری پتیلی میں پانی لے کر چاول اُبلنے رکھ دیں۔جبچاول ایک کنی رہ جائیں، تو چولھے سے اُتار کر کسی چھلنی میں چھان لیں۔ اب ایک کڑاہی میں تیل گرم کرکے مچھلی کے ٹکڑے فرائی کرلیں۔ اس کے بعد ایک پتیلی میں پہلے چاول کی تہہ بچھاکر اس پر فرائی مچھلی کے ٹکڑے رکھیں۔پھر باقی تہیں بچھا کر آخر میں چاول کی تہہ لگا کر زعفران چھڑک دیں۔ اس کے بعد زیرے کا بگھار لگا کر15منٹ کے لیے دَم دےدیں۔ مزے دار مچھلی بریانی تیار ہے۔

خاص رپورٹ سے مزید