عید الفطر پر بھی مظلوم فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملے جاری ہیں۔
عرب میڈیا نے بتایا ہے کہ مغربی کنارے کے شہر طوباس میں اسرائیلی فوج نے چھاپہ مارا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق چھاپے کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 1 فلسطینی شہید، جبکہ 2 زخمی ہو گئے۔
ادھر غزہ پٹی میں واقع نصيرات پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی حملے میں 1 فلسطینی شہید اور کئی زخمی ہو گئے۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اس اسرائیلی حملے میں ایک اسکول کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 63 فلسطینی شہید اور 45 زخمی ہوئے ہیں۔
عالمی ادارۂِ صحت نے غزہ کے علاقے خان یونس میں اسرائیلی حملوں سے ہونے والی تباہی کو سوچ سے بھی زیادہ غیر متوازن قرار دیا ہے۔
دوسری جانب یو ایس ایڈ کی سربراہ سمانتھا پاؤل شمالی غزہ میں قحط کا اعتراف کرنے والی پہلی امریکی اہلکار بن گئی ہیں۔
غزہ میں اب تک اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 33 ہزار 500 سے زائد ہو گئی ہے، جبکہ ان حملوں میں 76 ہزار فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔