عائشہ صدیقی
عید ملن پارٹی کے لیے یقیناً آپ کچھ نہ کچھ خاص اہتمام تو ضرور کررہی ہوں گی۔ پکوان کے ساتھ ساتھ گھر کی تزئین وآرائش پر بھی توجہ مرکوز ہوگی، کیوں نہ ایسے میں ہم آپ کی مدد کردیں۔ ڈرائنگ روم، بیڈ رومز اور ٹی لاؤنج کی سجاوٹ عموماً آسانی سے کرلی جاتی ہے لیکن آخر میں جو سب سے اہم مسئلہ ہوتا ہے وہ کھانے کی ٹیبل کی سیٹنگ ہوتی ہے، جس کے لیے خواتین کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ان کو سمجھ نہیں آتا کہ کس طر ح سے ٹیبل کو سلیقہ مندی سے سیٹ کیا جائے۔ کھانا لگا اور برتنوں کو صحیح اندازمیں رکھنا خواتین کے ذوق اور سلیقے کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ لیکن اس کو سجانا آسان کام نہیں ہوتا۔
اسے سادہ اور منفرد طریقے سے سجانا بھی ایک فن ہے۔ عموماً دیکھا گیا ہے کہ خواتین کھانے کی میز کو نظرانداز کردیتی ہیں۔ میز کے ایک طرف پلیٹیں گلاس رکھ دیے جاتے ہیں اور درمیان میں کھانا۔ یہ مناسب طریقہ نہیں ہے، اس سے مہمانوں کو بھی پریشانی ہوتی ہے۔ اس عید ملن پارٹی پر ہمارے طریقے سے میز سجائیں اور مہمانوں سےداد وصول کریں۔
گھر کی میز جتنی کرسیوں پرمشتمل ہے، اسی مناسبت سے ہر کرسی کے آگے میز پر کھانے کی پلیٹ کے ساتھ ایک چھوٹی پلیٹ، کانٹا، چمچہ، گلاس، جس میں ٹشوپیپر رکھیں۔ پلیٹ کے برابر میں نیپکن رکھیں میز سجاتے ہوئے۔ اس بات کاخیال رکھیں کہ میزپوش ایسے رنگ کا استعمال کریں، جس سے چیزوں کے اردگرد کا رنگ اور ڈیزائن نمایاں نظر آئے۔
اگر آپ کی میز سادی ہے تو اسے پھول دار برتنوں سے سجائیں۔ سب سے اہم کام ڈائننگ ٹیبل پر برتن اور دیگر سامان سلیقے سے ترتیب دینا ہے۔ اس سے سلیقہ مندی نظر آئے گی۔ پارٹی میں ایک سے زائد پکوان کے علاوہ سلاد، میٹھا بھی ہوتا ہےاس لحاظ سے میز پر پلیٹیں اور گلاس بھی رکھیں۔
سادہ ٹیبل کی سیٹنگ کے پیش نظر دعوتوں جیسے خصوصی مواقع کے لیے خصوصی ٹیبل یا دسترخوان کی سیٹنگ کی جاسکتی ہے۔ سب سے پہلے میز کے لیے وسیع ڈنرشیٹ بچھائیں۔ خوبصورت میز پوش یا ڈنرمیٹس کا انتخاب کریں۔ اگر دسترخوان لگا رہی ہیں تو افراد کی تعداد کے مطابق میٹس سیٹ کریں۔ ہر میٹ کے سامنے بیٹھنے کے لیےآرام دہ فلور کشن لگائیں۔ اب ہر مہمان کے لیے میٹ پر برتن ترتیب دیں۔ اوپری دائیں جانب پانی اور مشروب کے الگ الگ گلاس رکھیں۔
درمیان میں ڈنر پلیٹ اور اس کے اوپر سلاد کی چھوٹی پلیٹ رکھیں۔ پلیٹ کے برابر سیدھے ہاتھ پر ڈنر کے لیے چھری اور کھانے کا چمچہ رکھیں۔ پلیٹ کے برابر بائیں جانب ڈنر کا فورک یعنی بڑا کانٹا اور سلاد کے لیے چھوٹا کانٹا رکھیں۔ پلیٹ کی سیدھ میں اوپر کی جانب میٹھا کھانے کے لیے چمچہ (چھوٹے سائز) کا اور اگر میٹھے میں فروٹس وغیرہ شامل ہیں تو اس کے لیے بھی علیحدہ کانٹا ایک برابر میں رکھیں۔ اوپری بائیں جانب میٹھا کھانے کی چھوٹی پلیٹ یا پیالی رکھیں۔ دسترخوان یا ٹیبل کے درمیان میں کھانے کی ڈشز رکھیں۔ میز کے وسط میں خوبصورت پھولوں کا گلدان اور رات کے کھانے پر شمع دان ضرور رکھیں۔
اس کے علاوہ کھانے کی ڈشز اگرچہ سادہ ہلکے یا ڈل رنگ کی ہوں تو انہیں متضاد رنگ کے کھانے والے برتن میں یا متفرق ومختلف رنگوں کے پکوان مثلاً ہری مرچ قیمہ، سلاد، پودینے کی چٹنی اور باربی کیو آئٹمز کو سلاد کے پتوں سے سجایا جا سکتا ہے۔ اسی طرح پستہ، بادام، ناریل وغیرہ ایسے میوہ جات ہیں جنہیں سویٹ ڈشز کی سجاوٹ کے لیےاستعمال کیا جاسکتا ہے۔
ان چیزوں سے سادے سے کھانوں کو بھی سجا کر میز میں دلکشی اور رونق پیدا کی جا سکتی ہے۔ کھانے کی میز پر چیزوں کو نمایاں کرنے کا ایک اور طریقہ یہ بھی ہے کہ پلیٹوں یا ڈونگوں میں کھانانہ اتنا کم ڈالیں کہ ان کے خالی ہونے کا احساس ہو اور نہ ہی اتنا بھر دیں کہ کنارے سے باہر گرنے لگیں۔
برتن کے کنارے ہمیشہ تھوڑے خالی ضرور ہونے چاہیں۔ اگر چیز کم ہو تو بڑے برتن کی بجائے اس کی مناسبت سے اسے چھوٹے برتن میں ڈالیں ،تاکہ وہ بھر جائے اور دیکھنے میں بھی کم نہ لگے۔