ایمسٹرڈیم(راجہ فاروق حیدر)ایمسٹرڈیم میں مقیم ایک عالمی شہرت یافتہ بصری کہانی نگار جمی نیلسن نے پاکستان کے شمالی علا قہ جات بشمول چترال کی وادی کیلاش اور بلتورو گلیشیئرکا سیاحتی دورہ کیا۔ یہ گلیشیرقطبی علاقوں اور دنیا کی دوسری بلند ترین پہاڑ K2 کے قریب پائے جانے والے بڑے گلیشیرز میں سے ایک ہے۔ سفارت خانہ پاکستان نیدرلینڈ زنے پاکستانی حکام بشمول انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے باہمی اشتراک سے جمی نیلسن کے دورہ پاکستان کا انتظام کیا۔ سفیر سلجوق مستنصر تارڑ نے جمی نیلسن سے ایمسٹرڈیم میں ان کے اسٹوڈیو میں ملاقات کی،جہاں جمی نیلسن نے اپنے دورہ کے متعلق اپنی یادوں کا تذکرہ کرتے ہوئے آئندہ پاکستان کے دیگر علاقوں کے سیاحتی دوروں کا بھی عزم ظاہر کیا۔ جمی نیلسن اپنے کیمرے کے لینز کے ذریعے مقامی ثقافتوں اور علاقائی زندگیوں کے سفر کو بیان کرنے میں مہارت رکھتے ہیں۔ انہوں نے فوٹو گرافی پر مبنی کہانیوں کی تین کتب مرتب کی ہیں جس میں ʼبیفور دی پاس اووےʼ اور ʼہومیج ٹو ہیومینٹیʼ شامل ہیں۔ جمی نیلسن کا کام دنیا کے مختلف حصوں میں تصویری اور عمیق نمائشوں کے انعقاد کی وجہ سے مشہور ہے۔ جمی نیلسن پاکستان کو دنیا کے خوبصورت ترین مقامات میں شمار کرتے ہیں۔ اس سے قبل وہ اپنی اوائل عمری میں بھی پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں اوراس طرح پاکستان ان کی بطور نوجوان ایڈونچر اور فوٹوگرافی کی ابتدائی منازل میں سرِ فہرست ہے۔ سفیرسلجوق مستنصر تارڑ نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستانی سفارت خانہ ملکی اداروں اور دیگر حکام کی مدد سے پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لئے کوشاں ہےاور جمی نیلسن کے اگلے دورے کا منتظر ہے۔