گریٹر مانچسٹر/ بولٹن(ابرار حسین ) برطانیہ کے دیگر شہروں کی طرح یہاں گریٹر مانچسٹر اور لنکا شائر میں بھی عید الفطر بھر پور مذہبی جوش وخروش اور عقیدت واحترام کے ساتھ منائی گئی تمام مساجد کے علاوہ امام بارگاہوں میں بھی بڑے بڑے اجتماعات ہوئے جن میں کمیونٹی نے بھرپور شرکت کی ۔سب سے بڑا اجتماع وکٹوریہ پارک مسجد مانچسٹر میں ہوا جہاں تقریبا ڈھائی ہزار فرزندان اسلام نے شرکت کی۔ حافظ علامہ معین الدین نے عید کی نماز کی امامت کی جبکہ دوسرا بڑا اجتماع مکہ مسجد بولٹن میں ہوا جس میں تقریبا دو ہزار افراد نے شرکت کی جہاں علامہ محمد ایوب چشتی نے عید کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عید کی اجتماعی شان اپنی جگہ لیکن عید ہمارے اندر جس طرح قلبی روحانی خوشی پیدا کرتی ہے اسی طرح دوسری جانب مسلمانوں کے آپس میں تعلقات کوپروان چڑھاتی ہے اورمحبت اور جذبہ ایثار پیدا کرتی ہے۔ عید کے اجتماع سے نیو مدینہ مسجد کے خطیب علامہ مفتی نصیراللہ نقشبندی نے امت مسلمہ کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عید کی خوشیاں ساری دینا منا رہی ہے مگر یہ عید ہمارے لیے خوشی نہیں ہے اس لئےکہ فلسطین میں بہتا ہوا خون اور اس پر جس طرح ساری دنیا کی آنکھیں بند ہیں فلسطین کے بچے بلکتی عورتیں اور فلسطین کے نہتے مسلمانوں پرظلم کے پہاڑتوڑے جارہے ہیں ۔ ایسی صورتحال میں عیدکی خوشی نہیں منائی جا سکتی بس عبادت کے طور پر منائی گئی ہے۔ سلفورڈ سٹاک پورٹ لیورپول بلیک برن بری راچڈیل وگن ایکرنگٹن برنلے نیلسن میں بھی عید کے بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جہاں اسلام کی سربلندی پاکستان کی سلامتی تعمیر و ترقی خوشحالی کے علاوہ فلسطین ومقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ برطانیہ بھر میں ایک ہی روز عید منانے جانے سے امت مسلمہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی عید کی ادائیگی کے بعد کمیونٹی کی ایک بڑی تعداد نے دعائے مغفرت کے لئے قبرستان کا رخ کیا جہاں انہوں نے اپنے پیاروں کی قبروں پر فاتحہ خوانی اور ان کی مغفرت کی دعا ئیں کیں۔ علاوہ ازیں کمیونٹی کی مختلف سماجی اور مذیبی شخصیات سالار ممتاز احمد چشتی کنزروٹیو مسلم فورم نارتھ ویسٹ کے سابق چیرمین محمد ادریس شیخ سلیم میحی الدین ایڈوکیٹ راجہ محمد شفیق پوتا اور راجہ عبدالقیوم نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید کی خوشی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عید کی خوشی کے ساتھ ساتھ اپنے پیاروں کے بچھڑنے کا دکھ بھی ہے انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے تاریخ کے بد ترین مظالم کی وجہ سے عید کی خوشیاں ادھوری رہ گئی ہیں۔