کراچی، اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) پاکستان نے ایک ارب ڈالر مالیت کے انٹرنیشنل یورو بانڈز کی ادائیگی کردی۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق پاکستان کی جانب سے ایک ارب ڈالر مالیت کے انٹرنیشنل یورو بانڈز کی ادائیگی میں اصل رقم کے ساتھ منافع بھی ادا کیا گیا ہے۔ ادائیگی سے متعلق مرکزی بینک کے مطابق انٹرنیشنل یورو بانڈز کی ادائیگی ایجنٹ بینک کے ذریعے کی گئی ہے، جو بانڈز ہولڈرز کو ادائیگی کریگا۔ پاکستان نے 2014 میں ایک ارب ڈالر کے یورو بانڈز کا اجرا کیا تھا اور یہ ایک ارب ڈالر کے یورو بانڈز اپریل 2024 میں میچور ہو گئے تھے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت نے میچورنگ بانڈز کی بروقت ادائیگی کی ہے۔ جس سے پاکستان کی معیشت پر سرمایہ کاروں اور عالمی اداروں کا اعتماد بلند ہوگا ۔دوسری جانب وزیر خزانہ محمداورنگزیب ایک ہفتے کے دورے پر واشنگٹن روانہ ہو گئے ہیں،جہاں وہ آج ماہرین کی ٹیم کے ہمراہ آئی ایم ایف حکام کیساتھ ملاقات کرینگے،6 سے 8 ارب ڈالر کے نئے پیکج پرگفتگو ہوگی،وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے وفد میں گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، سیکرٹری خزانہ امداد اللہ بوسال، سیکرٹری اقتصادی امورڈاکٹر کاظم نیاز بھی شامل ہیں۔ روانگی سے قبل وزیر خزانہ نے وزیراعظم ملاقات کرکے امریکا میں آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور دیگر اداروں کے ساتھ ملاقاتوں کے شیڈول کے حوالے سے بتایا۔ ذرائع کے مطابق عالمی ادارے کےوفد کا اس ماہ کے آخرتک پاکستان آنے کا امکان ہے۔وزیراعظم ہائوس سے جاری ایک بیان کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور انہیں اپنے دورہ امریکا کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ یہ دورہ ایسے وقت میں سامنے آرہا ہے جب پاکستان عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ نیا معاہدہ کرنے جا رہا ہے۔ماہرین کی ٹیم کے ہمراہ محمد اورنگزیب آئی ایم ایف کے ساتھ ملاقات میں 6 ارب سے 8 ارب ڈالر کے نئے پیکج کے حوالے سے گفتگو کا آغاز کرینگے۔ اس حوالے سے مرکزی وزارتی ملاقاتیں 17 تا 19 اپریل کے درمیان ہونگی جبکہ دیگر ایونٹس کا انعقاد 15 تا 20 اپریل کے دوران ہوگا۔محمد اورنگزیب اور انکی ٹیم کے ممبران آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سربراہان سمیت دیگر عالمی مالیاتی اداروں کے سینئر عہدیداران اور چین، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکیہ اور دیگر حلیف ممالک کے وزرائے خزانہ سے دوطرفہ ملاقاتیں کرینگے۔وہ پاکستان کی مختلف ملاقاتوں میں نمائندگی کے علاوہ امریکی آفیشلز سے بھی ملاقات کرینگے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آج ہفتےکو وزیر خزانہ آئی ایم ایف کی ایم ڈی کرسٹالینا جارجیو سے ملاقات کرینگے۔ پاکستان آئی ایم ایف سےای ایف ایف قرضےکیلئےمشن بھیجنےکی درخواست کرےگا۔ وزیرخزانہ کا دورہ 13 سے 21 اپریل تک ہوگا۔