لاہور(نمائندہ جنگ)پنجاب کو جرائم اور کرپشن فری صوبہ بنانے کیلئے اصلاحات کا گرینڈ پیکج تیار کر لیا گیا، کرپٹ، مجرموں سے ساز باز کرنے والے پولیس آفیسرز اور اہلکاروں کو خصوصی عدالتوں سے سزائیں دلوائی جائیں گی ،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت مری میں خصوصی اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے ،اجلاس میں پولیس، پراسیکیوشن اور عدالتی نظام کی جامع اصلاحات کے لئے تاریخی قانونی سازی کا بل منظور کرانے کا فیصلہ کیا گیا -وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ عورتوں اور بچوں سے زیادتی کے جرم ناقابل ضمانت جرم ہو گا اس ضمن میں قانون سازی کے لئے تجاویز کی فوری تیاری کی جائے- فیصلہ کیا گیا کہ فوری اور جلد سزا دلانے کے لئے سپیڈی ٹرائل کورٹس بنیں گی اور پنجاب کے پراسیکیوشن محکمہ کی مکمل اوورہالنگ کی جائے گی - اجلاس میں پولیس کو کرپشن اورجرائم پیشہ عناصر کے مددگاروں سے پاک کرنے کا فیصلہ کیا گیا-پولیس افسران اور اہلکاروں کی پیشہ وارانہ قابلیت اور کارکردگی کی جانچ کے لئے سپیشل آڈٹ سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا -معیاری پولیسنگ، پراسیکیوشن اورمقدمات کی رفتار تیز بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی استعمال ہوگی-شہری جدید آئی ٹی ڈیش بورڈ کے ذریعے رشوت مانگنے والے کی شکایت کرسکیں گے، شکایت کرنے والے کی معلومات خفیہ رکھی جائیں گی- اجلاس میں ہر جرم کے لئے الگ سپیشل فورس بنانے کا فیصلہ کیا گیا، وزیر اعلیٰ نے پولیس میں کرپشن کے خاتمے،صوبے میں بجلی چوری، سمگلنگ کے تدارک کے لئے کریک ڈاون کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی-اجلاس میں آرگنائزڈ اور سائبر کرائم کے خاتمے کے لئے سپیشل یونٹ کے قیام اور آئی ٹی ٹریننگ کا اصولی فیصلہ کیا گیا اور سمگلنگ روکنے کے لئے نئی سرحدی فورس بنانے کی تجویز پر غور کیا گیا - اجلاس میں منشیات کے خاتمے کیلئے مہم مسلسل جاری رکھنے کی منظوری دی گئی- وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب میں ناجائز اسلحہ کلچر کے خاتمے کے لئے سخت اقدامات کی ہدایت کی جبکہ نئے اسلحہ لائسنس کے اجرا پر پابندی لگادی گئی- اجلاس میں پنجاب میں ہرطرح کے مسلح گینگز کے خلاف آپریشن کلین اپ کا بھی فیصلہ کیا گیا - وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کے قبائلی علاقوں میں سماجی بہبود اور ترقی کا پیکج بھی تیار کرنے کی اور پتنگ بازی و دھاتی تار کے استعمال کے سدباب کے لئے مزید فول پروف انتظامات کرنے کی ہدایت کی- وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ جامع اصلاحات، سخت اور فوری سزاوں سے جرائم میں کمی یقنی بنائی جاسکتی ہے- بچوں اور عورتوں سے زیادتی کے مجرموں کو عبرت کا نشان بنانا ہے- ہر شہری کی عزت وآبرو، جان ومال کا تحفظ اور خدمت حکومت کی بنیادی زمہ داری ہے- پولیس کو جدید اسلحہ، آلات، گاڑیاں، نائٹ ویژن اور ڈرون فراہم کریں گے- وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے مصنوعی ذہانت (اے آئی)اور تھرمل امیجنگ جیسی جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے، مریم نوازشریف نے ہدایت کی کہ پنجاب کو دہشت گردی، سمگلنگ اورجرائم پیشہ گینگز سے پاک کیاجائے- پراسکیوشن اور انوسٹی گیشن نظام میں بہتری لائے بغیر جرم ختم نہیں ہوگا- اجلاس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا - انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کی امن امان کی مجموعی صورت حال پر بریفنگ دی - سینٹر منسٹر مریم اورنگزیب، چیف سیکرٹری، ہوم سیکرٹری، آئی جی،اے آئی جی، کمشنر، سی سی پی او،ار پی او سمیت اعلی حکام اجلاس میں شریک ہوئے-پولیس میں کرپشن اور غیر پیشہ ورانہ رویے کی نشاندھی کے لئے سپیشل آڈٹ سسٹم نافذ کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کرپٹ اور مجرموں سے ساز باز کرنے والے پولیس آفیسرز اور اہلکاروں کو خصوصی عدالتوں سے سزائیں ہونگی، پولیس کی طرف سے رشوت مانگنے پر وزیر اعلی ٰکے سپیشل ڈیش بورڈ پر شکایت درج ہو سکے گی ،وزیراعلیٰ پنجاب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان اور پنجاب کی پہلی ایئر ایمبولینس سروس کے لیے پہلے تربیتی سیشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔انشااللہ، ایئر ایمبولینس سروس جون میں شروع ہو جائے گی ، وزیر اعلیٰ نے نوشکی میں بس مسافروں کو اغوا کرکے قتل کرنے کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا اورکہا کہ پاکستانی ایک قوم ہیں او ر ایک رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ نفرت بانٹنے والوں کا نام ونشان نہیں رہے گا۔