لاہور( اپنے نامہ نگار سے،کورٹ رپورٹر)پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین کامران بشیر مغل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر وکالت کے پیشہ کیلئے سبکی کا باعث بننے والوں کیلئے پنجاب بار کونسل کے قواعد و ضوابط میں ترمیم کی گئی ہے جس کے تحت ایسا کرنے والے وکیل کا معاملہ ڈسپلنری کمیٹی کو بھجوایا جائے گا، پنجاب بار کونسل ریگولیٹری ادارہ ہونے کی وجہ سے وکیل کو خود سزا دے سکتا ہے، اس لئے ہم پولیس کو ہرگز یہ اجازت نہیں دیں گے وہ وکلاء پر 7اے ٹی اے کے مقدمات کا اندراج کرے ۔لاہور بار ایسوسی ایشن نے ایران کی طرف سے اسرائیل کی فلسطین پر ظالمانہ جارحیت کے خلاف جوابی حملہ کو خوش آئند قرار دیا ہے اس حوالے سے گزشتہ روز لاہور بار کا اہم اجلاس صدر منیر حسین بھٹی کی زیر صدارت ہوا، جس میں دیگر تمام عہدیداروں نے شرکت کی ۔انہوں نے کہاکہ پوری مسلم دنیا میں صرف ایران ایسا ملک ہے جس نے اسرائیل کو چیلنج کیا ہے۔ ہم ایشیاکی سب سے بڑی بار ہونے کے ناطے حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف جہاد میں ایران کا مکمل ساتھ دیں۔، اس حوالے سے لاہور بار کی جانب سے قرار داد پیش کی گئی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا ۔