• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آگ لگنے پر سوئے خاندان کو اٹھانے والی 6 سالہ بچی کو ہیرو کا درجہ مل گیا

لندن (پی اے) گھر میں آگ لگنے پر سوئے خاندان کو اٹھانے والی 6سالہ بچی اولیویا پیٹرسن کو ہیرو کا درجہ مل گیا۔ نارتھ یارک شائر کے علاقے Riccall کی رہائشی بچی اولیویا 4اپریل کو اپنے گھر کے باہر دوستوں کے ساتھ کھیل رہی تھی کہ اس نے اپنے گھر کی چھت سےآگ کے شعلے بلند ہوتے دیکھے، وہ گھر کے اندر سوئی ہوئی اپنی والدہ لائورا پیٹرسن اور 2چھوٹے بہن بھائیوں کو خطرے سے آگاہ کرنے کیلئے فوری طورپر بھاگ کرگھر کے اندر گئی، اس طرح ان لوگوں کی جان بچ گئی۔ اولیویا کی والدہ نے کہا کہ میری بیٹی بہت بہادر ہے۔ اولیویا نے بتایا کہ میں باہر کھیل رہی تھی، جب میں نے اور پڑوس نے مکان سے شعلے اور دھواں اٹھتا دیکھا، میں فوری طورپر اپنی والدہ کو یہ بتانے کیلئے اندر گئی۔ اولیویا کی والدہ نے کہا کہ اولیویا دروازے ہی سے آگ آگ چیخ رہی تھی، جس پر ہماری آنکھ کھل گئی اور میں بچوں کو لے کر باہر نکل آئی۔ گھر میں لگی آگ بجھانے میں 4 فائر انجن شریک ہوئے اولیویا نے بتایا کہ چونکہ آگ بڑھتی ہی جارہی تھی، اس لئے میں تھوڑا سا پریشان ہوگئی تھی۔ تاہم پوری فیملی گھر سے باہر نکل آئی اور کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا جبکہ آگ سے ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگایا جارہا ہے۔ اولیویا کی والدہ کا کہنا ہے کہ میرے پڑوسی نے مجھے بتایا کہ ہم نے اولیویا کو روکنے کی کوشش کی لیکن اولیویا کو معلوم تھا کہ ہم لوگ اندر ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ یہ واقعہ دن کے وقت پیش آیا کیونکہ آگ کی اطلاع دینے والا ہمارے گھر کا الارم کام نہیں کررہا ہے، ہمارے خیال میں اس کے اندر کے تار گل گئے ہیں، جس کی وجہ سے یہ کام نہیں کررہا ہے۔
یورپ سے سے مزید