• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ننھے وی لاگر بہن بھائی شیراز اور مسکان نے اپنی گاڑی خرید لی، عمران اشرف کی مبارکباد

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

ماہ رمضان میں وزیرِ اعظم ہاوس کا دورہ کرنے والے پاکستان کے ننھے وی لاگر بہن بھائی شیراز اور مسکان نے اپنی گاڑی خرید لی۔

ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر ننھے وی لاگرز اپنے وی لاگز میں گلگت بلتستان میں واقع اپنے گاؤں کی خوبصورت اور مسحور کن نظارے دنیا کو دکھاتے ہیں۔ 

حال ہی میں انہوں نے اپنے وی لاگ میں اپنی نئی گاڑی مداحوں کو دکھائی ہے، جو انہوں نے خود خریدی ہے۔

وی لاگ کے کیپشن میں انہوں لکھا ہے کہ ’زندگی میں پہلی بار نئی گاڑی لی ہے‘۔

اس ویڈیو میں ننھے وی لاگر نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کے پیار اور محبت کی وجہ سے میں نے نئی گاڑی خریدی ہے۔

وی لاگ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شیراز اور مسکان اپنی نئی کار میں گاؤں میں گھومتے ہیں اور اس دوران گاؤں کے کئی لوگوں کو کار میں لفٹ بھی دیتے ہیں۔

ننھا وی لاگر شیراز اس ویڈیو میں بتاتا ہے کہ اسے گاڑی سے زیادہ ٹریکٹر پسند ہے اور ایک دن وہ اپنا ٹریکٹر بھی خریدیں گے۔

اس وی لاگ میں شیراز اور مسکان نے اپنے گاؤں کے مستحق لوگوں کو عیدی بھی دی۔

سوشل میڈیا پر ننھے وی لاگرز کی نئی گاڑی کی خبر جیسے ہی وائرل ہوئی اداکار عمران اشرف نے انہیں اس کامیابی پر مبارک باد پیش کی اور مثبت پہلو اجاگر کرنے پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

یاد رہے کچھ عرصے قبل پاکستانی کم عمر وی لاگر اور سوشل میڈیا اسٹار محمد شیراز نے اپنی بہن مُسکان کے ہمراہ وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی تھی۔

گلگت بلتستان کے ضلع اسکردو کے خوبصورت علاقے سے تعلق رکھنے والے شیراز نے یوٹیوب پر اپنی روزمرہ کی زندگی اور اپنے علاقے کی خوبصورت ثقافت دنیا کو دکھا کر بہت کم عرصے میں بے پناہ مقبولیت حاصل کی۔

اپنے چینل پر اپ لوڈ کی گئی ایک حالیہ ویڈیو میں شیراز نے پرجوش انداز میں وزیرِ اعظم ہاؤس کے دورے کے بارے میں بتایا اور شہباز شریف سے ملاقات کا آنکھوں دیکھا احوال سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔

ملاقات کے دوران وزیرِ اعظم نے شیراز اور مسکان کا پرتپاک استقبال کیا، اس دوران وزیرِ اطلاعات اور ن لیگی رہنماؤں نے بھی انہیں خوش آمدید کہا۔

شیراز اپنی ویڈیو میں وزیرِ اعظم کو پیار سے ’شہباز انکل‘ کہہ کر مخاطب کر رہے تھے۔

اس ملاقات کے دوران شہباز شریف نے چھوٹے سے شیراز کو اپنی کرسی پر بٹھا دیا، جس پر شیراز نے بے ساختہ کہا کہ آج میں وزیرِ اعظم ہوں۔


خاص رپورٹ سے مزید