• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ رخ خان نے کس اداکار کو اپنے گھر پر پاؤ بھاجی کھلائی؟

بھارتی اداکار شاہ رخ خان ـــ فائل فوٹو
بھارتی اداکار شاہ رخ خان ـــ فائل فوٹو

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان صرف ایک زبردست اداکار ہی نہیں بلکہ ان کی میزبانی بھی شاندار ہے۔

فلم’امر سنگھ چمکیلا‘ کے اداکار انجم بترا نے اپنے حالیہ انٹرویو میں پہلی بار شاہ رخ خان سے ان کے گھر ’منّت ہاؤس‘ میں ہونے والی ملاقات کے تجربے کے بارے میں بات کی۔

اُنہوں نے بتایا کہ میں 2016ء میں امتیاز علی سے پہلی بار ملا تھا اور اس وقت وہ اپنی فلم ’جب ہیری میٹ سیجل‘ کی شوٹنگ کر رہے تھے اور اس فلم میں کچھ پنجابی کے ڈائیلاگ تھے جنہیں بولنے میں شاہ رخ خان کو تھوڑی مشکل پیش آ رہی تھی اس لیے امتیاز علی مجھے ’منت ہاؤس‘ لے گئے۔

انجم بترا نے بتایا کہ میں اور امتیاز علی رات کے 11 بجے شاہ رخ خان کے گھر پہنچے تو وہ فلم کی شوٹنگ پر گئے ہوئے تھے اس لیے ہمیں ان سے ملنے کے لیے 15 منٹ انتظار کرنا پڑا۔

اُنہوں نے بتایا کہ ہمارے پہنچنے کے 15 منٹ بعد شاہ رخ خان بھی گھر آ گئے اور آتے ہی مجھے دیکھ کر اپنے پاس آ کر بیٹھنے کو کہا، میں نے منع کیا تو وہ اصرار کرنے لگے کہ نہیں آپ میرے پاس آ کر بیٹھیں پھر میں ان کے پاس بیٹھ گیا۔

انجم بترا نے بتایا کہ میں، امتیاز علی اور شاہ رخ خان ’منت ہاؤس‘ کی لائبریری میں بیٹھے تھے، ہم ساری رات باتیں کرتے رہے اور اس دوران ہم نے تھوڑا سا کام بھی کیا۔

اُنہوں نے مزید بتایا کہ شاہ رخ خان بہت اچھے میزبان بھی ہیں تو اُنہوں نے مجھے کھانے کا مینیو تھماتے ہوئے پوچھا کہ آپ کیا کھائیں گے، میں گوشت نہیں کھاتا اس لیے میں نے کھانا کھانے سے انکار کر دیا لیکن شاہ رخ خان کے اصرار کرنے پر میں نے کہا کہ میں ان کے ساتھ پاؤ بھاجی کھانا چاہتا ہوں اور پھر ہم سب نے ساتھ میں پاؤ بھاجی کھائی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید