پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ میرا نے بتا دیا کہ شوٹنگ کے دوران ان کا بازو کیسے زخمی ہوا۔
شوٹنگ کے دوران بازو زخمی ہونے کے بعد اداکارہ میرا کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اُن کا بازو فریکچر ہے اور بیمار ہونے کی وجہ سے اُنہیں بات کرنے میں بھی تھوڑی مشکل ہو رہی ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ میرا بازو نئی فلم کے لیے ایکشن سین کی شوٹنگ کرواتے ہوئے فریکچر ہوا اور آج میں سب کے سامنے زخمی حالت میں ہوں۔
اداکارہ میرا نے کہا کہ میں اپنے کام کے معاملے میں کافی سنجیدہ ہوں، جب بھی کسی فلم کی شوٹنگ کرتی ہوں تو پوری طرح اُس کردار میں کھو جاتی ہوں اور اُس کردار کو اس انداز سے ادا کرتی ہوں کہ حقیقت لگے۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ میں اس وقت بہت تکلیف میں ہوں کیونکہ میرے بازو میں بہت درد ہے اور ڈاکٹر نے آرام کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بازو ٹھیک ہونے میں تقریباً 3 سے 4 ہفتے یا اس سے زیادہ وقت بھی لگ سکتا ہے۔