• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: ہمایوں داؤد کا قاتل 2 دن بعد بھی گرفتار نہ کیا جاسکا


کراچی کے علاقے ڈیفنس میں 2 دن پہلے قتل ہوئے ہمایوں داؤد پر فائرنگ کرنے والے اس کے دوست فہد خان کو پولیس تاحال گرفتار نہیں کر سکی۔

پولیس کے مطابق فہد اور ہمایوں کے درمیان کسی بات پر تنازع ہوا تھا، ملزم واردات کے بعد گھر والوں سمیت روپوش ہوگیا ہے۔

ڈیفنس فیز 5 خیابان جانباز میں 2 روز قبل ہمایوں داؤد کو فائرنگ کر کے قتل جبکہ اس کے دوست حمام جاوید کو زخمی کیا گیا۔

مقدمہ حمام جاوید کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس کے مطابق ساحل کے نزدیک واقع ایک فلیٹ میں ہمایوں داود، حمام جاوید، فہد خان اور اس کے 2 دوست جمع تھے۔

ہمایوں داؤد اور فہد خان میں کچھ عرصے سے کوئی تنازع چل رہا تھا، جس پر دونوں میں تلخ کلامی شروع ہوئی اور نوبت ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔

اسی دوران ہمایوں داؤد نے حمام جاوید کو ساتھ لیا اور گاڑی میں بیٹھ کر وہاں سے روانہ ہوگیا، فہد خان نے معاملہ ختم کرنے کے بجائے اپنی گاڑی میں تعاقب شروع کردیا اور جونہی ہمایوں داؤد کی گاڑی اپنے گھر کے دروازے پر رُکی، فہد خان نے پہلے زوردار انداز میں اُسے ٹکر ماری اور پھر فائرنگ شروع کردی، جس سے ہمایوں داؤد جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کے مطابق جائے وقوع سے نائن ایم ایم پسٹل کے 15 سے زائد خول ملے ہیں، پولیس تفتیش کے مطابق ٹکر مارنے کے باعث ملزم فہد کی گاڑی کا ریڈی ایٹر پھٹ گیا تھا، جس کے باعث گاڑی گرم ہوکر بند ہوئی ہوگی اور وہ اُسے خیابان اتحاد کے قریب چھوڑ کر چلا گیا۔

پولیس نے اس کے گھر پر چھاپہ مارا لیکن وہ اپنے گھر والوں سمیت روپوش ہوگیا ہے، پولیس فہد کے دونوں دوستوں سے بھی تفتیش کر رہی ہے۔

قومی خبریں سے مزید