پشاور(سٹاف رپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی کے انٹرا پارٹی انتخابات کا مرحلہ مکمل ہوگیا ، اسفندیارولی خان کے صاحبزادے اور خیبر پختونخوا کے سابق صدر سینیٹر ایمل ولی خان کو مرکزی صدر منتخب کرلیا گیا ، اسفندیارولی خان پارٹی کے رہبر تحریک ہوں گے ، سینیٹر داؤد خان کو مرکزی سینئر نائب صدر، ڈاکٹر سلیم خان کو جنرل سیکرٹری، احسان اللہ کو سیکرٹری اطلاعات، سردار حسین بابک کو سیکرٹری خارجہ امور اور عظیم بلور کو سیکرٹری یوتھ افیئر چن لیا گیا ہے، امیرحیدر ہوتی اور زاہد خان نے انٹرا پارٹی انتخابات میں حصہ نہیں لیا، عوامی نیشنل پارٹی کے انٹرا پارٹی انتخابات کیلئے مرکزی کونسل کا اجلاس باچا خان مرکز پشاور میں چیئرمین الیکشن کمیشن میاں افتخار حسین کی صدارت میں منعقد ہوا، اجلاس میں امیر حیدر خان ہوتی نے مرکزی صدارت کیلئے ایمل ولی خان کا نام تجویز کیا گیا جن کے مقابلہ میں کسی امیدوار نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کئے اور مرکزی کونسل کے تمام ارکان نے منظوری دی ، اے این پی کے سربراہ اسفندیارولی خان اب عوامی نیشنل پارٹی کے رہبر تحریک ہوں گے ، عوامی نیشنل پارٹی الیکشن کمیشن کے مطابق اجلاس میں سینیٹر داؤد خان مرکزی سینئر نائب صدر اورڈاکٹر محمد سلیم خان کو سیکرٹری جنرل منتخب کیا گیا ، اسی طرح اسلام آباد سے جواد خٹک نائب صدر جبکہ عفت کلثوم خاتون نائب صدر ہوں گی، خیبرپختونخوا سے پرویز خان (صوابی) نائب صدر جبکہ ڈاکٹر نورجہان خاتون نائب صدر ہوں گی،بلوچستان سے فریداللہ دمڑ نائب صدر جبکہ سلمی کاکڑ خاتون نائب صدر ہوں گی،پنجاب سے سید عطاء اللہ شاہ نائب صدر جبکہ قدسیہ شاہین ایڈووکیٹ نائب صدر ہوں گی،سندھ سے انور زیب خان نائب صدر جبکہ شازیہ رزاق مروت نائب صدر ہوں گی،سرائیکی یونٹ سے محمد ندیم قریشی نائب صدر جبکہ عابدہ خان نائب صدر ہوں گی۔