کراچی(اسٹاف رپورٹر) فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رفعت مختار راجہ نے کہا ہے کہ ہائی پروفائل کیسز میں کسی قسم کی تاخیر یا رعایت ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی۔یہ بات انہوں گزشتہ روز زونل آفس کراچی کے دورہ کے موقع پر افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔ ڈی جی ایف آئی اے نے کہا کہ زیر التواء انکوائریوں اور مقدمات کو جلد از جلد میرٹ پر مکمل کیا جائے، مالیاتی جرائم، امیگریشن فراڈ اور جعلی ادویات کے کیسز میں ملوث منظم گروہوں کیخلاف کریک ڈاؤن مزید موثر بنایا جائے ۔ ادارہ جاتی ساکھ اور عملی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے نئے اقدامات شروع کیے جائیں۔ دورے کے دوران ایف آئی اے کی عمارات کا بھی معائنہ کیا گیا اور کراچی میں ادارے کے فزیکل انفراسٹرکچر کی مجموعی حالت کا جائزہ بھی لیا گیا۔ ڈائریکٹر کراچی زون نعمان صدیقی کی جانب سے کراچی زون کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں ایف آئی اے کے افسران کی پیشہ ورانہ تربیت اور صلاحیتوں میں اضافے کے لیے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈی جی ایف آئی اے نے ایف آئی اے کراچی زون کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار اور کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے ہدایات جاری کی۔