شکارپور (نامہ نگار) آئی بی اے ٹیسٹ پاس اساتذہ کی نئی بھرتی پر شکارپور میں محکمہ تعلیم کے افسران کے درمیان بڑھنے والی کشیدگی عدالت تک جا پہنچی. اس سلسلے میں ڈی ای او سیکنڈری و چیئرمین ڈسٹرکٹ سلیکشن کمیٹی سید محمد شاہ کیجانب سے تعلقہ ایجوکیشن افسر پرائمری تحصیل شکارپور و رکن ڈسٹرکٹ سلیکشن کمیٹی امجد شیخ کے خلاف دفتری امور میں مداخلت، ہاتھا پائی اور تذلیل سمیت دیگر الزامات کا مقدمہ درج کرادیا گیا ہے. جبکہ دوسری جانب امجد شیخ نے سید محمد شاہ کے لگائے گئے الزامات کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک مستحق لڑکی کو میرٹ کی بنیاد پر بھرتی ہونے والوں کی فہرست میں شامل کرانے کے لیے ان کے دفتر گئے تھے. جہاں سید محمد شاہ کیجانب سے رشوت طلبی پر انہوں نے انکار کردیا، جس پر سید محمد شاہ برہم ہوگئے. انہوں نے کہا مذکورہ لڑکی کی میرٹ پر بھرتی کے سارے شواہد موجود ہونے کے باوجود ڈی ای او سیکنڈری کیجانب سے واویلا مچانا میری سمجھ سے بالاتر ہے. انہوں نے کہا کہ سید محمد شاہ کو اسی غیر سنجیدگی اور بدعنوانیوں کی شکایات پر کچھ ماہ قبل چیئرمین سلیکشن کمیٹی کے عہدے سے ہٹایا گیا تھا، جس پر وہ دوبارہ بحال ہوئے ہیں۔