کوئٹہ/لندن ( پ ر) پشتونخوا میپ لندن کا اجلاس فلک نیاز خان کی صدارت میں ہوا۔ جس میں ایک قرار داد کے ذریعے چمن میں گزشتہ کئی ماہ سے جاری پرامن دھرنے کے شرکا پر سیکورٹی اداروں کی جانب سے فائرنگ اور آنسو گیس کے استعمال کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس وحشیانہ عمل کے ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔لندن سے جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ملک میں گزشتہ کئی سال سے مختلف حیلوں بہانوں سے پشتونوں کی ناصرف کاروباری سرگرمیوں بلکہ آمدورفت کو محدود کیا جارہاہے جو انسانی حقوق کے عالمی منشور کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔بیان میں واضح کیا گیا کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی پشتونوں کے ساتھ جاری اس ناروا اور غیر انسانی روئیے کے خلاف جلد ہی برطانیہ میں انسانی حقوق کی تنظیموں سے رابطہ کرے گی۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ چمن دھرنے کے شرکا کے مطالبات کو فوری طور پر تسلیم کرتے ہوئے پرامن لوگوں پر فائرنگ اور آنسو گیس کے استعمال اور اس کے نتیجے میں ایک پرامن شہری کی شہادت اور دیگر ساتھیوں کے زخمی ہونے کا مقدمہ اس واقعے میں ملوث ذمہ داران کے خلاف درج کیا جائے۔