• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوشل میڈیا فیک نیوز کا خاتمہ اخبارات کی سرکولیشن بڑھا کر ممکن

اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد)حکمرانوں نے اگر جھوٹی خبروں سے چھٹکارا حاصل کرنا ہے تو اُنہیں اخباری صنعت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہو گا۔ 

سوشل میڈیا اور فیک نیوز کا زوال اخبارات کی سرکولیشن بڑھا کر ہی ممکن ہے‘ اس کیلئے اخبارات کے اشتہارات کے ریٹ حکومت کو ڈالر کی قیمت اور افراط زر کے تناسب سے بڑھانا ہونگے۔ اسی سے ملک بھر میں ہزاروں اخبار فروشوں کے گھروں کے چراغ بجھنے سے بچیں گے۔

 ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی کے نومنتخب سنیٹر سید سرمد علی نے پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے تاحیات سیکرٹری جنرل ٹکا خان کی طرف سے ملک بھر سے آئے ہوئے اخبار فروش رہنماؤں کے استقبالیہ میں اپنے خطاب میں کہی۔ استقبالیہ میں ٹکا خان نے سپاسنامہ پیش کیا اور اخبار فروش برادری کے مسائل تفصیل سے بیان کئے۔ 

اخبار فروشوں کے منتخب رہنماؤں چوہدری محمد شریف اسلام آباد‘ عقیل عباسی راولپنڈی‘ عامر افضال ملتان‘ چوہدری عاشق ایوب مہر‘ مہتاب خان عباسی‘ بلال محسن اور سینئر صحافی حنیف خالد نے بھی خطاب کیا۔ 

سنیٹر سرمد علی نے کہا کہ اخباری صنعت کے مسائل کو حل کرنے کیلئے آواز بلند کرتے رہیں گے۔ 

کراچی اور اندرون سندھ کے اخبار فروشوں کو ٹکا خان کی موجودگی میں یقین دلاتا ہوں کہ انکے مسائل وزیراعلیٰ سندھ کے سامنے رکھیں گے۔

 ٹکا خان نے کہا کہ مجھے بہت خوشی ہوئی ہے کہ ہماری صنعت سے سید سرمد علی کو سنیٹر منتخب کیا گیا۔ وہ عوامی مسائل کو بھی اسی طرح حل کرانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرتے رہیں گے۔ 

مہتاب احمد خان نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ اخبار مالکان یکجا ہو کر پوری سنجیدگی سے ان مسائل کو حل کرانے میںاپنا کردار ادا کریں ۔ سنیٹر سرمد علی نے کہا کہ میرا تعلق اخباری صنعت سے ہے اور اس صنعت کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں۔

 اخبار فروشوں کے مسائل جانتا ہوں‘ مسائل کے حل کیلئے اخبارات کی سرکولیشن بڑھانا ضر وری ہے تاکہ اخبار فروشوں کا کاروبار بھی بڑھے۔ اخبار فروشوں کے مسائل ہی حل طلب نہیں بلکہ پوری قوم وینٹی لیٹر پر پڑی ہوئی ہے جس کی وجہ سے موجودہ حکمرانوں کیلئے یہ کڑا وقت ہے کہ قوم کو وینٹی لیٹر سے کیسے نکالیں۔ 

انہوں نے کراچی اور اندرون سندھ کے اخبار فروشوں کو یقین دلایا کہ اُنکے مسائل وزیراعلیٰ کے سامنے رکھ کے انہیں حل کرانے کی کوشش کرینگے۔ وہ ٹکا خان اور انکے سینئر ساتھیوں کو لیکر صدر مملکت آصف زرداری سے بھی ملاقات کرینگے۔

 سرمد علی نے کہا کہ اسی طرح ملک بھر کے اخبار فروشوں اور اخباری صنعت سے وابستہ صحافیوں اور کارکنوں کے مسائل حل کرانے کیلئے کوشش کرینگے۔ اگر ایسا نہ ہوا تو سوشل میڈیا پر سچ رکے گا اور جھوٹ پھیلے گا جو کسی بھی طرح حکومت اور قوم کیلئے درست ثابت نہ ہو گا۔ 

انہوں نے کہا کہ فیڈریشن اور اے پی این ایس کی جتنی بھی میٹنگز ہوئیں میں نے آپ کے لیڈر ٹکا خان کو آپ کا وکیل پایا۔ میں آج کی اس تقریب کے انعقاد پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ اس موقع پر محسن بلال نے کہا کہ ہمیشہ اخبار فروشوں کیلئے ہم نے جدوجہد کی ہے اور آئندہ بھی انکے حقوق کیلئے آواز بلند کرتے رہیں گے۔

 سینئر صحافی حنیف خالد نے کہا کہ ڈالر مہنگا ہونے کی وجہ سے اخباری صنعت کا خام مال نیوز پرنٹ‘ سیاہی‘ پلیٹیں اور دوسری درآمدی اشیاء دو سے تین گنا مہنگی ہو گئی ہیں اسی وجہ سے اخبار مالکان اخبار کے صفحات کم کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ 

ضرورت اس بات کی ہے کہ اگر حکومت سوشل میڈیا اور بعض نجی ٹی وی چینلوں پر جھوٹ‘ بے بنیاد پروپیگنڈے کی وباء کو ختم کرنا چاہتی ہے تو اُنہیں اخبارات کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہونگے کیونکہ جب اخبار میں کوئی چیز شائع ہوتی ہے تو وہ تاریخ کا حصہ بن جاتی ہے اور اگر کوئی غلط بات اخبار چھاپے گا تو اگلے ہی دن اسکی تردید‘ تصحیح چھاپی جاتی ہے جبکہ سوشل میڈیا وغیرہ جو بھی فیک نیوز جاری کرتا ہے اسکی تصحیح تو نہیں ہوتی بلکہ وہ ایک وباء کی طرح دنیا بھر میں پھیلا دی جاتی ہے۔ 

اخبار فروش یونین اسلام آباد کے صدر چوہدری محمد شریف‘ حیدر آباد سے سید عامر افضال‘ ملتان سے شیخ صلاح الدین‘ عرفان اترا‘ میرپور خان سے ایوب مہر‘ اخبار فروش یونین لاہور کے سرپرست اعلیٰ چوہدری عاشق‘ اخبار فروش یونین اسلام آباد کے اپوزیشن لیڈر محمد صدیق و دیگر نے بھی سید سرمد علی کو سنیٹر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

اہم خبریں سے مزید