راولپنڈی (خبر نگار خصوصی) راولپنڈی سٹی اور کینٹ ایریاز میں پنجاب حکومت کی جانب سے 25مئی سے چھٹیاں کرنے کے فیصلہ کے باوجود متعدد سرکاری اور پرائیویٹ سکول مالکان ہٹ دھرمی پر اڑے ہوئے ہیں۔ شدید گرمی کے باعث متعدد معصوم بچے موسم کی شدت برداشت نہ کرنے کے باعث بے ہوش ہو گئے۔ شہریوں نے کمشنر‘ ڈپٹی کمشنر اور اسٹیشن کمانڈر راولپنڈی سے فوری نوٹس لینے اور مذکورہ سکولوں کیخلاف سخت ترین کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ راولپنڈی کینٹ کے علاقے مصریال روڈ‘ ڈھوک گجراں‘ چوہڑ‘ دھمیال روڈ اور دیگر علاقوں میں سکول کھلے ہوئے ہیں جبکہ راولپنڈی سٹی کے علاقوں سکستھ روڈ‘ سیٹلائٹ ٹاؤن‘ کمرشل مارکیٹ‘ مری روڈ اور دیگر علاقوں میں سکول کھلے ہوئے ہیں۔ شہریوں نے قانون شکنی کرنے والے سکولوں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیاہے۔