اسلام آباد(کامرس رپورٹر ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کے زیر اہتمام ٹو -ڈی بارکوڈنگ، سیریلائزیشن اور فارماسیوٹیکل یونٹس کے معائنے بارے ایک انتہائی اہم تکنیکی آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا ۔ سیشن میں بڑے پیمانے پر بزنس کمیونٹی کے اراکین، ریگولیٹرز، تکنیکی ماہرین اور فارماسیوٹیکل انڈسٹری کے نمائندوں نے شرکت کی۔مہمان خصوصی کے طور پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا کہ فارماسیوٹیکل سیکٹر پاکستان کی سب سے حساس اور اسٹریٹجک صنعتوں میں سے ایک ہے، جو صحت عامہ، مریضوں کی حفاظت، قومی ساکھ اور برآمدی صلاحیت سے براہ راست منسلک ہے۔ ۔آئی سی سی آئی کے صدر نے ڈریپ کو سہولت اور مشاورتی انداز اپنانے اور صنعت کو فعال طور پر شامل کرنے پر تعریف کی تاکہ نظرثانی شدہ قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ٹو ڈی بارکوڈنگ اور سیریلائزیشن کا تعارف پاکستان کے فارماسیوٹیکل ریگولیٹری فریم ورک کو بین الاقوامی گوڈ پریکٹس اور ڈبلیو ایچ او کے رہنما خطوط کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کی جانب ایک بڑا قدم ہے، جو جعلی ادویات کی روک تھام، سپلائی چین کی سالمیت کو بڑھانے، کارکردگی کو بہتر بنانے، اعتماد سازی اور مقامی طور پر تیار شدہ مصنوعات کی بین الاقوامی مارکیٹ تک رسائی کو مضبوط بنانے میں مدد فراہم کرے گا۔