102 سال پرانی کار میں دنیا کی سیاحت پر نکلا بزرگ آسٹریلوی جوڑا جیکب آباد کی گرمی سے بے حال ہو گیا۔
76 سالہ آسٹریلوی بزرگ لینگلی کڈبے اور ان کی ہم عمر اہلیہ بیورلی کڈبے پر مشتمل آسٹریلوی بزرگ سیاح جوڑے کے کوآرڈینیٹر محسن اکرام کے مطابق آسٹریلوی بزرگ سیاح جوڑے نےجیکب آباد پہنچ کر پرانی کار میں سفر ترک کر دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ آسٹریلوی جوڑے نے اوپن کار جیکب آباد سے ٹرک میں لاد کر لاہور روانہ کر دی۔
محسن اکرام نے بتایا ہے کہ مذکورہ بزرگ آسٹریلوی جوڑا عام کار میں جیکب آباد سے لاہور روانہ ہو گا۔
واضح رہے کہ 76 سالہ سیاح آسٹریلوی جوڑا 102 سال پرانی 1922ء ماڈل کی کار میں لندن سے میلبورن کے سفر پر نکلا ہے۔
یکم اپریل کو 76 سالہ آسٹریلوی بزرگ لینگلی کڈبے نے اپنی ہم عمر اہلیہ بیورلی کڈبے کے ہمراہ لندن سے برطانیہ تا آسٹریلیا کے سفر کا آغاز 102 سالہ پرانی کار میں کیا ہے۔
یہ دونوں فرانس، بیلجیئم ، لیکسمبرگ، جرمنی، آسٹریا، سلووینیا، کروشیا، سربیا، بلغاریہ ، ترکیہ اور ایران سمیت کئی ممالک سے ہوتے ہوئے پاکستان پہنچے ہیں۔
بزرگ آسٹریلوی سیاح جوڑا پاک ایران سرحدی شہر تفتان میں بارڈر سے دالبندین میں داخل ہوا تھا، جسے تفتان سے دالبندین تک انتظامیہ نے سیکیورٹی فراہم کی، جمعے کی رات کو یہ کوئٹہ میں داخل ہوئے تھے۔
آج یا کل یہ جوڑا بلوچستان سے نکل کر پنجاب میں داخل ہو گا۔
بزرگ آسٹریلوی سیاح جوڑا لاہور واہگہ بارڈر سے بھارت میں داخل ہو گا۔
قدیم کار میں لندن سے میلبرن تک ان کا یہ سڑک کے ذریعے سفر ایک ریکارڈ ہو گا۔