• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پٹرول 4.74، ڈیزل 3.86 روپے سستا، نئی قیمت بالترتیب 268.36 اور 270.22 فی لیٹر مقرر، اطلاق آج سے ہوگیا

اسلام آباد (نمائندہ جنگ /ایجنسیاں) وزارت خزانہ نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق آج سے پٹرول کی قیمت میں 4 روپے 74 پیسے فی لیٹرکمی کردی گئی ہے‘ پٹرول کی نئی قیمت 268 روپے 36 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 86 پیسے فی لیٹر کمی کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 270 روپے 22 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔مٹی کا تیل بھی ایک روپے87 پیسے فی لیٹر سستا کردیا گیا ہے جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 171 روپے 61 پیسے فی لیٹرہوگئی ہے۔ لائٹ ڈیزل آئل 3 روپے 88 پیسے فی لیٹر سستا ہونے کے بعد 157 روپے 29 پیسے فی لیٹرہو گیا ہے۔پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود پیٹرول اور ڈیزل پر لیوی 60 روپے فی لیٹر برقرار رہے گی۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ موجودہ حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کے نتیجے میں مہنگائی میں واضح کمی واقع ہوئی ہے اور معاشی استحکام آیا ہے۔وزارت خزانہ کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں کمی عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے رحجان کے باعث کی گئی ہے۔ قبل ازیں وزیر اعظم ہائوس نے جمعہ کی رات دس بج کر 21منٹ پر اعلامیہ جاری کیا کہ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے بڑا فیصلہ کیا ہے۔اعلامیہ میں کہا گیا کہ وزیرِ اعظم نے وزارتِ خزانہ کو ہدایات کر دیں کہ پٹرول کی قیمت میں 15.4 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 7.9 روپے کمی کی جائے۔اس کے بعد رات بارہ بجے حسب روایت فنا نس ڈویژن نے با ضابطہ نوٹیفکیشن بارہ بج کر38منٹ پر جاری کیا جس میں پٹرول کی قیمت صرف چار روپے74پیسے کمی کی گئی جبکہ ڈیزل کی قیمت میں تین روپے86 پیسے کی کمی کی گئی ۔بعد ازاں وزیر اعظم ہائوس نے نیاوضاحتی اعلامیہ جاری کیا جس میں کہاگیاکہ پٹرول کی قیمت میں 15.4 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 7.9 روپے کمی کے حوالے سے اعداد و شمار جاری کئے گئے جن میں پچھلے ماہ کی قیمتوں میں کمی بتائی گئی۔ وزیر اعظم ہا ئوس کے حکام نے بتایا کہ در اصل قیمتوں کے بارے میں جو میسج دیاگیا وہ غلطی سے پچھلے ماہ کی قیمتوں والا تھا جس کی وجہ سے یہ صورتحال پیدا ہوئی تاہم اس دوران ان قیا س آرائیوں نے جنم لیا کہ قیمتوں کے تعین پر وزیر اعظم اور وزیر خزانہ میں اختلاف رائے پیدا ہوگیا ہے۔

kk

اہم خبریں سے مزید