کراچی( اسٹاف رپورٹر )ایف آئی اے امیگریشن نے جعلی اسٹیمپ اور جعلی پروٹیکٹر اسٹیکرز پر سفر کرنے والے 2مسافروں کو گرفتار کر لیا۔گرفتار مسافروں کی شناخت لیور خان اور نعمان کے نام سے ہوئی ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق پہلی کارروائی میں یو اے ای جانے والے مسافر لیور خان کو مشتبہ قرار دے کر آف لوڈ کیا گیا۔مسافر نے پاکستانی پاسپورٹ پر ورک ویزہ حاصل کر رکھا تھا۔امیگریشن کلیئرنس کے دوران مسافر کو مشکوک پایا گیا ۔مسافر کو مزید دستاویزات کی جانچ کے لیے جنرل ری چیکنگ آفیسر کے پاس بھیجا گیا۔ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافر کے پاسپورٹ پر آمد کی جعلی اسٹیمپس پائی گئیں۔آئی بی ایم ایس سے تصدیق پر معلوم ہوا کہ مسافر کی کوئی آمد درج نہیں تھی جبکہ پاسپورٹ پر کسی بھی روانگی کی مہر موجود نہیں تھی۔ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافر انگور اڈہ بارڈر کے ذریعے غیر قانونی آمدورفت کرتا رہا ہے۔ایک اور کارروائی میں ایف آئی اے امیگریشن نے ازبکستان جانے والے نعمان نامی مسافر کو جعلی پروٹیکٹر اسٹیکرز پر آف لوڈ کر دیا۔مسافر پاکستانی پاسپورٹ پر وزٹ ویزہ لے کر سفر کر رہا تھا۔ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافر کے پاسپورٹ پر لگی پروٹیکٹر اسٹیکر مشکوک پائی گئی۔ریگولا سسٹم کی فرانزک رپورٹ کے مطابق اسٹیکر کے سکیورٹی فیچرز، مائیکرو پرنٹنگ اور دیگر علامات غائب تھیں اور اسٹیکر نمبر بھی درج نہیں تھا ۔ ابتدائی تفتیش میں مسافر نے انکشاف کیا کہ وہ سعودی عرب میں ملازمت کے لیے سفر کر رہا تھا۔