اسلام آباد(نمائندہ جنگ )ملک کے معروف دینی و سیاسی رہنما، جمعیت اہلحدیث کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر انتقال کر گئے، انکے انتقال کی خبر سے ملک بھر میں دینی، سیاسی اور علمی حلقوں میں گہرے دکھ و افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف،چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی ، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ،سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر اسحاق ڈار اور قائد حزب اختلاف سینیٹر سید شبلی فراز ،قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب،وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نےانکے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے،انکی بلندی درجات اور اہلخانہ کیلئے صبر کی دعا کی ہے، وزیر اعظم نے تعزیتی بیان میں کہا ساجد میر پاکستان کی اہل بصیرت سیاسی شخصیت اور دینی اسکالر تھے جنکی رحلت سے پاکستان کے سیاسی منظر نامے میں ایک ایسا خلاء پیدا ہوگیا جو شاہد ہی کبھی پُر ہو سکے، ساجد میر نے ہمیشہ انتہاء پسندی و فرقہ واریت کیخلاف آواز اٹھائی،مشکل کی اس گھڑی میں پوری قوم کی ہمدریاں ساجد میر کے اہلخانہ کیساتھ ہیں، یوسف رضا گیلانی نے کہا ساجد میر کی سیاسی، مذہبی اور سماجی خدمات ناقابل فراموش ہیں، سیدال خان نے کہا ہے وہ ایک مدبر، باوقار اور علم دوست شخصیت کے مالک تھے جنہوں نے ہمیشہ اتحاد بین المسلمین، اعتدال پسندی اور علم و حکمت کو فروغ دیا۔