• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت پہلگام واقعے پر تحقیقات سے بھاگ رہا ہے، حافظ نعیم الرحمٰن

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ بھارت پہلگام واقعے پر تحقیقات کے مطالبے سے بھاگ رہا ہے، اس وقت قومی یکجہتی کی سب سے زیادہ ضرورت ہے ، ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پہلگام میں بھارت کے فالس فلیگ آپریشن پر امریکی نائب صدر کے بیان کی شدید مذمت کی اور حکومت ِ پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امریکی سفیر کو طلب کرے اور پوچھے کہ ان کے نائب صدر نے بغیر تحقیقات کے یہ بیان کیسے دیا؟ امریکی نائب صدر کے بیان سے تاثر ملتا ہے کہ امریکا بھارت کے موقف کو درست تسلیم کر رہا ہے، ہم اس موقع پر اپنے دوست ملک چین کی حمایت کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں،اس وقت قومی یکجہتی کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، ہمیں بلوچستان کے زخموں پر مرہم رکھنا ہوگا، 26اپریل کو فلسطین کے لیے کی جانے والی ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال میں پورا بلوچستان بند تھا، ہمیں بلوچوں کو ان کے حقوق دینے ہوں گے، لاپتہ افراد کا مسئلہ حل کرنا ہوگا۔پاک بھارت کشیدگی کی صورتحال میں مسئلہ فلسطین و اہل غزہ کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، دونوں محاذوں پر کام کرنا ہوگا، اسرائیل اور بھارت دونوں کو امریکی حمایت حاصل ہے اور تینوں کا ایک شیطانی اتحاد ہے، بڑے شہروں میں ملین مارچ اور 26اپریل کی ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کے بعد 17مئی کو ایبٹ آباد اور 18مئی کو مالا کنڈ میں عظیم الشان اور تاریخی ”یکجہتی غزہ مارچ“ کیا جائے گا اور صہیونی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم بھی تیز اور موثر بنائی جائے گی۔ کراچی ملک کا اقتصادی حب ہے لیکن اس کے ساتھ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت بدترین سلوک کر رہی ہے اور پیپلز پارٹی کی کراچی دشمنی مسلسل جاری ہے، کے فور منصوبہ تاحال نا مکمل ہے، ہائیڈرینٹس کو تو پانی مل جاتا ہے لیکن شہریوں کے گھروں کے نلکوں میں پانی نہیں آتا اور عوام مہنگے داموں ٹینکر خریدنے پر مجبور ہیں۔ پچھلے چار دن سے آدھے شہر کا پانی بند ہے اور لوگ شدید اذیت کا شکار ہیں،8ماہ میں 6مرتبہ پانی کی بڑی لائین پھٹ چکی ہیں، سندھ حکومت، واٹر بورڈ، مرتضیٰ وہاب کہاں ہیں؟ ٹاؤن کو فنڈز نہیں دیئے جارہے اور پیپلز پارٹی اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنے پر تیار نہیں، کنالز کے معاملے پر ہم نے بھر پور آواز اُٹھائی ہے۔
اہم خبریں سے مزید