برسلز (حافظ اُنیب راشد) یورپین دارالحکومت برسلز میں قائم آذربائیجان کے سفارتخانے نے، آذر بائیجان کا یوم جمہوریہ کو منانے کیلئے SUQOVUSHAN منی فٹ بال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جس میں پاکستان اور آذربائیجان کی ٹیمو ں نے حصہ لیا۔ یورپی یونین، بلجیم اور لکسمبرگ میں پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ نے اس تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر آذربائیجان کے سفیر وقف صادقوف نے پاکستانی سفیر کا پرتپاک استقبال کیا۔ دونوں ٹیموں سے اپنے خطاب میں پاکستانی سفیر آمنہ بلوچ نے آذربائیجان کی حکومت اور عوام کو ان کے قومی دن پر مبارکباد دی اور ان کی نمایاں کامیابیوں اور ان کے ثقافتی ورثے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات پر روشنی ڈالی جو باہمی احترام اور مشترکہ اقدار کے اصولوں پر قائم ہیں۔ اپنی گفتگو میں انہوں نے اتحاد اور دوستی کو فروغ دینے اور کھیلوں کی سفارت کاری کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے ٹورنامنٹ کی تعریف کی۔ آخر میں سفیر پاکستان نے تمام شریک ٹیموں کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اس دوستی اور اتحاد کے جاری رہنے کی امید ظاہر کی۔ اس تقریب کا اختتام ’’پاکستان ۔آذربائیجان دوستی زندہ باد‘‘ کے نعروں کے ساتھ ہوا۔ اس ٹورنامنٹ میں پاکستانی سفارتخانے کے افسران اور اہلکاروں پر مشتمل ٹیم نے پاکستان کی سپورٹس کٹ میں شرکت کی۔