لوٹن( نمائندجنگ) برطانیہ کے مشہور سیاست دان جارج گیلوے نے اپنی ورکر پارٹی کے بڑی تعداد میں امیدوار 4جولائی کے عام انتخابات میں میدان میں اتار دیے ہیں ۔ لوٹن نارتھ سے ورکر پارٹی برطانیہ نے وحید اکبر کو اپنا پارلیمانی امیدوار چنا ہے یہ مئیر لوٹن بھی رہ چکے ہیں جبکہ لوٹن ساؤتھ سے ڈاکٹر یاسین رحمان ورکر پارٹی کے امیدوار ہیں۔ لوٹن سمیت برطانیہ کے بعض انتخابی حلقوں سے آزاد امیدوار بھی قسمت آزمائی کر رہے ہیں ۔ لوٹن نارتھ سے ڈیفینس سولیسٹر توقیر شاہ بطور آزاد امیدوار حصہ لے رہے ہیں جبکہ لوٹن ساؤتھ سے عتیق ملک ایڈووکیٹ نے بھی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے ۔ دریں اثنا توقیر شاہ نے ایک وٹس ایپ مییج میں بتایا ہے کہ وہ قومی محکمہ صحت NHS فنڈنگ میں اضافے کے لیے انتھک مہم چلائیں گے اور GPs/ ڈاکٹروں کے انتظار کے مختصر اوقات کی وکالت بھی کریں گے۔ انہوں نے لیبر پارٹی کے لیڈر کی غزہ کے مسئلہ پر اپروچ کو ہدف تنقید بنایا ہے۔