• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انٹرنیشنل اسکول آف برسلز کا عالمی فیسٹیول، سفارتخانہ پاکستان کی جانب سے اسٹالز، پاکستانی مصنوعات میں لوگوں کی دلچسپی

برسلز (حافظ اُنیب راشد ) سفارت خانہ پاکستان برسلز نے ایک منفرد ڈیزائن کردہ پاکستانی پویلین کے ساتھ انٹرنیشنل اسکول آف برسلز (ISB) کے عالمی فیسٹیول میں شرکت کی۔ سفارت خانے کی پریس ریلیز کے مطابق آئی ایس بی انٹرنیشنل فیسٹیول ایک ایسا سالانہ میلہ ہوتا ہے جہاں دنیا بھر کی متنوع ثقافتوں اور روایات کی نمائش کی جاتی ہے۔ 100ممالک کی نمائندگی کے ساتھ اس ایونٹ میں اسکول کی متنوع طلباء برادری نے اپنے اپنے خصوصی انداز میں سرگرمی سے حصہ لیا۔ انٹر نیشنل اسکول کی اس تقریب نے پاکستان کے ورثے، ثقافتی تنوع، سیاحت اور برآمدی صلاحیت کو پیش کرنے کا موقع فراہم کیا۔ ان نمائشوں میں نوادرات، دستکاری، روایتی ملبوسات اور تصاویر شامل تھیں۔ پاکستان کی جانب سے بنائے گئے اس پویلین میں سیاحت اور ثقافت پر کتابوں اور دستاویزی فلموں کے انتخاب نے وزٹرز کو ملک کی بھرپور تاریخ، روایات اور سیاحت کی صلاحیت کے بارے میں ایک منفرد بصیرت فراہم کی۔ ایونٹ میں روایتی پاکستانی اسٹریٹ فوڈ ایک خاص توجہ کا مرکز تھا جس نے ایونٹ میں بڑی تعداد میں آنے والے مہمانوں کو اپنی طرف متوجہ کیا اور وہ بریانی، سموسے، گلاب جامن، اور خصوصی پاکستانی چائے جیسی پکوانوں سے لطف اندوز ہوئے۔ پویلین میں ایک مہندی کارنر بھی بنایا گیا تھا جو آنے والے لوگوں کے لیے پیچیدہ اور خوبصورت ڈیزائن پیش کر رہا تھا جو اس زیادہ عمیق ثقافتی تجربے کے خواہاں تھے۔ اس میلے میں آنے والوں نے پاکستانی سٹال پر موجود کھیلوں کی اشیاء یعنی فٹ بال اور کرکٹ کٹس میں خصوصی دلچسپی لی اور پاکستان کے اسٹال پر بچوں اور والدین نے ورلڈ کپ فٹبال کے ساتھ خصوصی تصاویر بنوائیں۔ اس موقع پر یورپین یونین، بلجیم اور لکسمبرگ میں پاکستانی سفیر آمنہ بلوچ نے کہا کہ بین الاقوامی فیسٹیول پاکستان کے بھرپور ثقافتی ورثے، تنوع اور ہمارے لوگوں کی گرمجوش مہمان نوازی کو ظاہر کرنے کے لیے ایک شاندار پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے۔ بین الاقوامی برادری کی طرف سے ہماری ثقافت میں اس قدر جوش اور دلچسپی دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔ مہمانوں نے پاکستانی کھانوں اور پاکستان پویلین میں دکھائے گئے خوبصورت نوادرات کی دل کی گہرائیوں سے تعریف کی جس نے پاکستانی سٹال کو اس میلے کی خاص باتوں میں سے ایک بنا دیا تھا۔

یورپ سے سے مزید