مکہ (اے پی پی)5روزہ مناسک حج کی ادائیگی کا آغاز کل جمعہ سے ہوگا اور رکن اعظم وقوف عرفہ 15جون بروز ہفتہ کو ہوگا،لاکھوںعازمین حج کل جمعہ کو مناسک حج کا آغاز منیٰ کے لئے روانگی سے کریں گے، رکن اعظم وقوف عرفہ 15 جون ہفتہ کو ہوگا.
اتوارکی صبح حجاج کرام اللہ کی راہ میں جانور قربان کریں گے،اس سال فریضہ حج کی ادائیگی کا آغاز سعودی حکام کی طرف سے سکیورٹی،صحت ،خدمات اور لاجسٹک سیکٹر میں نافذ کئے گئے طریق ہائے کار اور خدمات کی فراہمی کے جامع نظام کے ساتھ ہو رہا ہے۔
سعودی حکام نے صرف حج پرمٹ اور نسک کارڈ رکھنے والے عازمین کے مقامات مقدسہ میں داخل ہونے کو یقینی بنانے کے لئے، اقدامات کو سخت کیا ہے۔
جمعہ کو منیٰ میں قیام کے دوران عازمین حج پانچ وقت کی نماز اور عبادت بجا لائیں گے،15 جون ہفتہ کی صبح عازمین حج میدان عرفات کیلئے روانہ ہوں گے جو حج کا رکن اعظم ہے، میدان عرفات میں حج کے خطبہ کے بعد ظہر اور عصر کی نماز ملا کر پڑھی جائیگی۔
مغرب سے پہلے حجاج کرام مزدلفہ کی طرف روانہ ہوں گے جہاں وہ مغرب اور عشاء کی نماز اکٹھی پڑھیں گے۔مزدلفہ میں ہی حجاج کرام شیطان کو کنکریاں مارنے کیلئے کنکریاں اکھٹی کریں گے۔
حجاج کرام رات مزدلفہ میں ہی گزاریں گے جہاں وہ آرام کرنے کے ساتھ ساتھ عبادت بھی کریں گے۔16 جون بروز اتوارکی صبح حجاج کرام منیٰ واپس روانہ ہونگے جہاں وہ رمی جمرات کریں گے۔پھر حجاج کرام اللہ کی راہ میں جانور قربان کریں گے پھر اپنا سر منڈوا کر احرام کھول کر عام لباس پہنیں گے اور پھر مزید دو روز تک منیٰ میں ہی قیام کریں گے۔
16 جون کو ہی حجاج کرام بیت اللہ کے طواف کیلئے مکہ روانہ ہوں گے، 17 جون پیر کوحجاج کرام ایک بار پھر رمی جمرات کریں گے اور سارا دن اور رات عبادت میں گزاریں گے۔
18جون منگل کو آخری بار تینوں شیطانوں کو کنکریاں مارنے کے بعد حجاج کرام مغرب ہونے سے پہلے منیٰ کی حدود سے نکل جائیں گے۔