کراچی(اسٹاف رپورٹر)کورنگی میں انتہائی مطلوب قاتل فہد شوٹر ساتھی سمیت پولیس کے ساتھ مقابلے میں مارا گیا۔تفصیلات کے مطابق زمان ٹاؤن تھانے کی حدود سیکٹر سی 50 آئل فیکٹری کے قریب پولیس اور انتہائی مطلوب ملزمان کے درمیان دو طرفہ فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں بدنام زمانہ قاتل فہد شوٹراپنے ساتھی سمیت ہلاک ہو گیا۔ پولیس نے کارروائی کے دوران ملزمان سے اسلحہ اور موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق فہد ورف شوٹر متعدد قتل، اقدام قتل اور ڈکیتی کی وارداتوں میں مطلوب تھا۔