• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیس نہ ہونے کی وجہ سے اسکول کے باہر بھی کھڑا ہونا پڑا: مومل شیخ کا انکشاف

اداکارہ مومل شیخ ـــ فائل فوٹو
اداکارہ مومل شیخ ـــ فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار جاوید شیخ کی بیٹی اور اداکارہ مومل شیخ نے انکشاف کیا ہے کہ اُن کی زندگی میں ایسے دن بھی آئے جب اُنہیں فیس کے پیسے نہ ہونے کی وجہ سے اسکول کے باہر کھڑے ہونا پڑا۔

مومل شیخ نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنی زندگی میں آنے والے مشکل مالی حالات کے بارے میں بات کی۔

اُنہوں نے بتایا کہ میں نے زندگی میں ایسا وقت بھی دیکھا ہے کہ جب مجھے اسکول کے باہر کھڑا ہونا پڑا کیونکہ میرے والدین کے پاس  اسکول کی فیس ادا کرنے کے پیسے نہیں تھے لیکن مجھے اس وقت کا کوئی پچھتاوا نہیں ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ مجھے پھر بھی لگتا ہے کہ میں نے بہت اچھا وقت گزارا ہے جس کا سہرا میری والدہ کے سر جاتا ہے کیونکہ اُنہوں نے ہمیں بہت سلیقے سے یہ بات سمجھائی کے اپنے لیے خود محنت کرنا کتنا اہم ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ والدہ کو مجھ پر اور میرے بھائی پر پورا بھروسا تھا اور ہم تینوں نے مل کر یہ مشکل سفر طے کیا جس میں بہت اتار چڑھاؤ تھے لیکن کوئی بات نہیں یہی زندگی ہے اور مشکلات زندگی کا حصّہ ہیں۔

مومل شیخ نے بتایا کہ والد کے ہوتے ہوئے بھی ہمیں مالی مشکلات کا سامنا ہونے کی دو وجوہات ہیں ایک یہ کہ جب ان کی فلم باکس آفس پر نہیں چل پاتی تھی تو ان کے پاس ہمیں دینے کے لیے پیسے نہیں ہوتے تھے اور دوسری یہ کہ ان کی زندگی میں کچھ ایسے لوگ تھے جن کے ہاتھوں میں ان کے پیسے تھے تو ان لوگوں کی وجہ سے ہمیں پیسے نہیں مل پاتے تھے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید