ایک برطانوی کسان کی 50 برس قبل کھو جانے والی رولیکس گھڑی اسے واپس مل گئی، جس کے بارے میں گمان ہے کہ اسے ایک بھوکی گائے نے چارے کے ساتھ نگل لیا تھا۔
95 سالہ جیمز اسٹیل نامی اس معمر شخص کے مطابق اس نے 1950 میں اپنی 21ویں سالگرہ کے کچھ عرصے بعد یہ رولیکس گھڑی خریدی تھی، لیکن بیس برس بعد جب وہ اپنے شیروپشائر (انگلینڈ) میں واقع فارم پر کام کر رہا تھا تو یہ گھڑی گم ہوگئی تھی۔
اسکے مطابق اس نے کھیت میں گھڑی تلاش کی لیکن وہاں تو نہ ملی البتہ اسے گمان تھا کہ قریب ہی موجود ایک گائے نے اپنے چارے کے ساتھ اسے بھی نگل لیا تھا۔
اب 50 برس بعد جیمز اسٹیل کے بیٹے نے ایک کھوجی کو اجازت دی کہ وہ اپنے میٹل ڈیٹکیٹر کی مدد سے اس جائیداد پر موجود پرانے سکوں کو تلاش کرے، جس کے دوران یہ گھڑی ملی، جو کہ گائے کے نظام انہضام سے گزر کر آنے کے بعد اب سامنے کی جانب سے سبز رنگ کی ہوگئی ہے۔
جیمز اسٹیل کے مطابق وہ اسکے ملنے پر کافی خوش ہیں کیونکہ انھوں نے سوچا تھا اب یہ کبھی بھی نہیں ملے گی۔
تاہم اب اسکا آدھا بریسلیٹ موجود ہے جبکہ بقیہ آدھا غالباً ٹوٹ گیا ہوگا۔ انھوں نے کہا گھڑی اب چل نہیں رہی، لیکن طویل عرصہ گزرنے کے باوجود یہ زنگ آلودگی سے بچ گئی ہے۔