• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں عام انتخابات، پاکستانی و کشمیری برطانیہ پہنچنے لگے

لوٹن (اسرار احمد راجہ) برطانیہ میں عام انتخابات 4 جولائی کو ہونے جا رہے ہیں جس کیلئے انتخابی مہم زور و شور سے جاری ہے ۔ پاکستان میں انتخابات ہوں یا برطانیہ میں، یہاں بسنے والے پاکستانی و کشمیری بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں ۔ برطانیہ میں مقیم پاکستانی و کشمیری کمیونٹی جماعت ، منشور اور کارکردگی کے علاوہ برادری علاقہ اور تعلق داری پر بھی ووٹرز کو اپنے ساتھ لانے کی کوشش کرتے ہیں جس طرح پاکستان میں ہونے والے الیکشن میں برطانیہ سے بڑی تعداد میں افراد اپنے دوست ، تعلق دار ، برادری یا جماعت کی بنیاد پر سپورٹ کرنے پاکستان پہنچ جاتے ہیں ۔ اسی طرح برطانیہ میں ہونے والے الیکشن میں کثیر تعداد میں با اثر افراد جن کا خاندان قبیلہ اور برادری بڑی تعداد میں یہاں موجود ہے، اپنے تعلق و دوستی کی بنیاد پر امیدوار کو سپورٹ کرنے برطانیہ پہنچ رہے ہیں ۔ اس کی ایک مثال ممبر آزاد جموں و کشمیر کونسل محمد حنیف ملک سینئر رہنما پاکستان مسلم لیگ ن اپنے قریبی دوست راجہ وحید اکبر کی انتخابی مہم چلانے برطانیہ پہنچ رہے ہیں ۔ملک حنیف راجہ وحید اکبر کی دعوت پر خصوصی طور پر انتخابی مہم کیلئے لوٹن تشریف لا رہے ہیں ۔ وحید اکبر لوٹن نارتھ سے ورکرز پارٹی آف گریٹ بریٹن کے امیدوار ہیں ،ان کا کہنا ہے حنیف ملک کی آمد سے انشاءاللہ انتخابی مہم میں مزید تحریک پیدا ہوگی ۔ راجہ وحید اکبر نے سوشل میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوے کہا کہ ملک حنیف کشمیری کمیونٹی میں تکریم کی نظر سے دیکھے جاتے ہیں، ان کا میری انتخابی مہم میں حصہ لینا میرے لئے باعث اعزاز ہے۔مجھے امید ہے لوٹن نارتھ میں مقیم پاکستانی و کشمیری کمیونٹی میرا بھرپور ساتھ دے گی اورووٹ کی طاقت سے مظلوم فلسطینیوں کے کاز کو تقویت فراہم کرے گی۔ ان کا کہنا تھا لیبر پارٹی نے محض ووٹ کے حصول کیلئے فلسطین کی آزادریاست کو تسلیم کرنے کی بات کی ہے ،لوٹن میں آباد کمیونٹی کے دوست لیبر پارٹی کی اس رنگ بازی سے اچھی طرح آگاہ ہیں، اب وہ اس فراڈ کو سمجھ چکے ہیں۔
یورپ سے سے مزید