خوبرو اداکارہ سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال نے ٹرولنگ کے بعد سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر کمنٹ سیکشن بند کردیا۔
بالی ووڈ اداکار شتروگھن سنہا کی بیٹی سوناکشی سنہا نے اپنے دوست ظہیر اقبال سے 7 سال کے ریلیشن میں رہنے کے بعد 23 جون کو بالآخر شادی کرلی۔
شادی کی تقریب سوناکشی کی رہائش گاہ پر منعقد کی گئی جس میں دولہا دلہن کے عزیز و اقارب اور قریبی دوستوں نے شرکت کی۔
شادی کی تقریب کے بعد ظہیر اقبال اور سوناکشی سنہا نے اپنی شادی کی تصویر بھی سوشل میڈیا پر جاری کیں۔
تاہم یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ جب مداحوں نے تصویریں دیکھ کر انہیں مبارکباد دینا چاہی تو معلوم ہوا کہ دونوں نے ہی اپنے سوشل میڈیا کاؤنٹس پر کمنٹ سیکشن کو بند کیا ہوا ہے۔
سوناکشی سنہا کی شادی سے متعلق افواہیں سامنے آنے کے بعد سے انہیں ٹرولنگ کا سامنا رہا ہے اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ انہوں نے شادی کے بعد مزید ٹرولنگ سے محفوظ رہنے کےلیے کمنٹ سیکشن بند کیا۔