بارسلونا(جواد چیمہ)پاکستان میں آپ کو کوئی غلط ٹیکس ادا کرنا پڑا ہو تو ضرور ہم سے رجوع کریں ہم چالیس دن میں مسائل کا حل کرنے میں مدد کرتے ہیں۔ان خیالات کااظہار بارسلونا کے دورہ پر آئے پاکستان کے وفاقی فیڈرل ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے بارسلونا میں معروف بزنس مین چوہدری امانت حسین مہر کی جانب سے پاکستانی کاروباری افراد کی ایک تقریب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ہم نے ملک کے مختلف شہروں میں اعزازی ایڈوائزر مقرر کر رکھے ہیں،اسی طرح بارسلونا میں بھی تین ایڈوائزرز مقرر کر رہا ہوں جن میں چوہدری امانت حسین مہر پورے یورپ کے ایڈوائزر ہوں گے جب کہ چوہدری بلال باسط وڑائچ اوررانا منیرکو اسپین اورنارتھ یورپ کا ایڈوائزر مقرر کیا ہے۔ میرامنصب سپریم کورٹ کے جج کے برابر ہے، میرے کئے فیصلے کے خلاف صرف صدر پاکستان کو اپیل کی جا سکتی ہے۔پاکستان نژاد اسپینش سماجی شخصیت محمد اقبال چوہدری نے ڈاکٹر آصف محمود جاہ کی پاکستان کیلئے خدمات کو سراہا اور کہا کہ ڈاکٹر آصف محمود جاہ کی موجودگی میں تارکین وطن کے ٹیکس کے حوالہ سے جو مسائل ہیں وہ حل ہوں گے۔تقریب سےقونصل جنرل پاکستان مراد علی وزیرنےکہا کہ مجھے نہیں معلوم تھا کہ آپ لوگ فلاحی کام بھی کررہے ہیں اور ایک سوسائٹی بھی چلا رہے ہیں، یقینا بہترین انسان وہ ہے جو دوسروں میں خیر بانٹتاہے ،ایسے لوگ ہم سب کیلئے مشعل راہ ہیں ، ہم انہیں خوش آمدید کہتے ہیں،ہماری کمیونٹی ان کے تجربہ سے فائدہ اٹھائے گی، انہوں نے مزید کہا کہ ہم کوشش کریں گے کہ ان کی آرگنائزیشن کو بھی سپورٹ کریں اور اپ سب سے گزارش ہے کہ آپ ان کا جو ویلفیئر کے منصوبے ہیں، ان میں آپ جتنا بھی ان کی مدد کر سکتے ہیں کریں چوہدری امانت حسین مہر نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے تقریب میں شرکت کی اور ڈاکٹر آصف محمود جاہ کی مفید گفتگو سنی، انہوں نے کہا کہ میرا ذاتی تجربہ ہے کہ پاکستان میں تارکین وطن پاکستانیوں کو ٹیکس مسائل کا سامنا ہے اور ان کا کوئی بہتر حل بھی موجود نہیں ہے، اب ڈاکٹر آصف محمود جاہ کی شکل میں ہمیں مسائل کا حل نظر آرہا ہے، انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ یورپ بھر کے تارکین وطن پاکستانیوں کو اس پلیٹ فارم سے آگاہ کریں اور جو مسائل ہیں وہ ہم تک پہنچائیں تاکہ ان کا حل آپ کو مل سکے۔انہوں نے کہا کہ میں بطور کوارڈینیٹر یورپ تمام پاکستانیوں کیلئے دستیاب ہوں ۔تقریب کے اختتام پروفاقی فیڈرل ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے نئے نامزد ایڈوائزرز کو تقرری کے لیٹرز جاری کئے۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت رضوان کاظمی نے حاصل کی جب کہ نظامت کے فرائض حافظ عبد الرزاق صادق نےانجام دئیے۔آخرمیں چوہدری امانت حسین مہر کی جانب سے تمام مہمانوں کو عشائیہ دیا گیا۔