ماسکو(نیوزڈیسک)روس نے دن کے اوقات میں یوکرین پر بڑا حملہ کیا ہے۔ دارالحکومت کیف سمیت دیگر شہروں میں روس نے میزائل حملے کیے ہیں۔ یوکرینی حکام کے مطابق روسی حملوں میں 29شہری ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوگئے۔ ادھر یوکرینی صدر زیلنسکی نے کہا ہے کہ روس نے 40سے زیادہ میزائل حملے کیے ہیں۔ انکا مزید کہنا تھا کہ روسی حملوں میں کیف کے چلڈرن ہسپتال کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ یوکرینی صدر کے مطابق روس نے کمرشل اور رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا۔دریں اثنا ماسکو سے روسی وزارت دفاع نے یوکرین میں دفاعی صنعتوں اور ایوی ایشن بیس کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا۔ خبر ایجنسی کے مطابق یوکرین نے گذشتہ روز روس کے اسلحہ گودام کو نشانہ بنایا تھا۔دوسری جانب روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نےایک بارپھر دعویٰ کیا ہے کہ مغربی ممالک کے مجموعی ایٹمی ہتھیار بھی روس کے ایٹمی ہتھیاروں کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔ روسی صدر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرین میں فتح کے لیے روس کو ایٹمی ہتھیاروں کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ مغربی ممالک کے ہتھیار کوئی حیثیت نہیں رکھتے۔ دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ یوکرین کو ساڑھے 22کروڑ ڈالر کی فوجی امداد جلد فراہم کر دی جائے گی۔ امریکی محکمہ دفاع کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یوکرین کے لیے ساڑھے 22کروڑ ڈالر پر مشتمل نئے امدادی پیکیج میں گولا بارود اور طیارہ شکن میزائل شامل ہوں گے۔ امریکی صدر نےکہا ہے کہ روسی جارحیت کے خلاف یوکرین کی مزاحمت قابل فخر ہے۔ روس کے خلاف یوکرین نہ خود جھکا اور نہ ہمیں جھکنے دیا ہے۔