برمنگھم (نمائندہ جنگ) پاکستان پیپلز پارٹی کےرہنما چوہدری رضا نے کہا ہے کہ برطانیہ کے حالیہ انتخابات میں اپنوں کی کامیابی رنگ لائے گی۔ کشمیر اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کی کامیابی ہوا کا تازہ جھونکا ثابت ہو گی۔ رضاچوہدری نے ان خیالات کا اظہار نومنتخب برٹش ممبر پارلیمنٹ بیرسٹر ایوب خان سے اپنے صاحبزادے شجاع علی رضا کے ہمراہ ملاقات میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم کمیونٹی اور پاکستان نژاد 16ممبر ان پارلیمنٹ کی کامیابی سے جہاں ہمارے حوصلے بڑھے ہیں وہاں ہماری توقعات بھی بڑھ گئی ہیں۔ کمیونٹی کے مسائل کو حل کرنے اور پاکستان کے ساتھ تعلقات میں بہتری سمیت مسئلہ کشمیر اور فلسطین توجہ طلب ہیں ۔فلسطین کے عوام کو مسائل کی دلدل سے نکالنا اور ان کی زندگیاں محفوظ بنانا ہر انسان کا فرض ہے ،جنہیں اسرائیل قاتل کاٹ کاٹ کر نہ صرف پھینک رہا ہے بلکہ زندہ درگور کر رہا ہے، ان مسائل سے نمٹنے کیلئے بیرسٹر ایوب خان نے جس جواں مردی کا مظاہرہ کیا اور اسرائیل کے خلاف آواز بلند کی اور زبردست کامیابی حاصل کی وہ قابل تحسین ہے۔ ان کی کامیابی اللہ تعالیٰ کا انعام ہے۔ بیرسٹر ایوب کی کامیابی فلسطین کے عوام کی کامیابی ہے جنہیں کمیونٹی نے بھاری اکثریت سے کامیاب کیا ، ہم توقع کرتے ہیں کہ وہ برٹش پارلیمنٹ میں فلسطین کے معصوم عوام اور مسئلہ کشمیر پر اپنی آواز بلند کریں گے اور اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک فلسطین اور کشمیر کے عوام کو ان کا حق آزادی مل نہیں جاتا۔