اولڈہم (پ ر) پاسبان صحابہ برطانیہ کے چیئرمین محمدعمرتوحیدی نے کہا ہے کہ جس طرح امیر المومنین حضرت عمر رضی اللہ عنہ کی شہادت سازش کا نتیجہ تھی اور سیدنا عثمان غنی رضی اللہ عنہ کے خلاف بغاوت اور پھر ان کی شہادت کے تانے بانے سلطنت روم سے ملتے ہیں، اسی طرح نواسہ رسول جگر گوشۂ بتول حضرت حسین رضی اللہ عنہ کی شہادت بھی عراقی و شامی سازش کے نتیجے میں ہوئی۔وہ شہداء اسلام کے حوالے سے ہونے والی مجلس میں خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔انہوں نے کہاکہ اسلام کی ابتدائی تاریخ شہدائے اسلام کے خون سے سرخ ہے، اس میں راہ حق کی شہادت سرمایۂ فخر اور قابل عزت چیزسمجھی جاتی ہے۔حضرت سمیہ رضی اللہ عنہا کی اولین شہادت سے لے کر حضرت عبد اللہ بن زبیر رضی اللہ عنہ تک شہداء کی ایک کہکشاں ہے جس میں بے شمار جلیل القدر اور رفیع المنزلت اصحاب رسول ﷺستاروں کی طرح چمک رہے ہیں۔جیسے،جیسے اسلام کو ترقی ہوتی گئی غیر مسلم طاقتوں کے سینے پر سانپ لوٹتے گئے اور کئی صحابہ ؓکو انہوں نے سازش کر کے شہید کروایا،کئی صحابہؓ کو بہت ہی درد ناک اورمظلومانہ طریقے سے شہید کیا گیا۔سید الشہداء حضرت حمزہ رضی اللہ عنہ کے ناک، کان کاٹ دیئے گئے،حضرت سمیہ کی ٹانگیں اونٹوں سے باندھ کر درمیان سے چیر دی گئیں،حضرت عثمانؓ و حضرت امام حسینؓ پر پانی بند کر کے انہیں پیاسا شہید کیا گیا ،اگران شہادتوں پر انسان رونے بیٹھے تو شاید سال میں ایک دن بھی فارغ نہ ملے۔