اوسلو(ناصر اکبر) پی ٹی آئی ناروےکے سابق صدر چوہدری مدثر علی نے کہا ہے کہ پاکستان کی موجودہ حکومت کی طرف سے بجٹ کے بعد نئی پالیسیز میں پہلے ائر ٹکٹ پرٹیکس دیں پھر جہاز پر سفر کریں،یہ ایک ناکام ترین اور ملکی معیشت کو نقصان پہچانے والی پالیسی ہے ۔ روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری مدثر علی نے کہا یکم جولائی سے اندرون و بیرون ملک سفر کرنے والے تمام مسافروں پر بھاری ٹیکسز عائد کردیئے گئے ہیں ،اب کوئی بھی مسافر پاکستان سے برطانیہ، یورپی ملکوں سمیت کہیں بھی ہوائی سفر کیلئے ٹکٹ کی بکنگ کے ساتھ نئے حکومتی ٹیکس ادا کرنے کا پابند ہے، یکم جولائی سے تمام مسافر ٹکٹوں پر بھاری بھر کم ٹیکس کی وصولی پر تارکین وطن میں غصہ اورپریشانی پائی جا رہی ہے۔ ٹریول ایجنٹس نے بھی اس عمل کو ملک وقوم کیلئے نقصان دہ قراردیا ہے، برطانیہ سمیت دیگر ملکوں سے پاکستان کیلئے سفر کرنے والے مسافربھاری ٹیکسوں سے بچنے کیلئے پاکستان کے ہمسائیہ ملکوں کی ائرلائنزمیں سفر کریں گے جس سے نہ صرف انہیں کم کرایہ دینا پڑے گا بلکہ وہ ٹیکسوں کے بوجھ سے بھی بچ جائیں گے ۔اس طرح پاکستان میں ٹریولنگ ایجنٹس کا کاروبار شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے جب کہ ملک بھی قیمتی زرمبادلہ سے محروم ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان فضائی انڈسٹری کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے ،اسٹیک ہولڈرز کی مشاور ت اور تارکین وطن کی مشکلات جانے بغیر کیا جانے والا یہ فیصلہ سنگین مسائل کو جنم دے گا۔ بیرون ملک مزدوری کر کے اہل خانہ کا پیٹ پالنے والے غریب پاکستانی تارکین وطن مسافروں کی کوشش ہوگی کہ وہ برطانیہ اوریورپی ملکوں سے پاکستان جانے کیلئے براہ راست پرواز کی بجائے دوسرے ملکوں کا ٹکٹ خریدیں اوراپنے پیسے بچائیں، موجودہ حکومت کو وقتی طور پر عوام کو یہ کہہ کر فائدہ ہو گا کہ جہاز امیر لوگ استعمال کرتے ہیں اور ہم امیروں پر ٹیکس لگا کر ملکی خزانے کا فائدہ کر رہے ہیں ،یہ ایک سفید جھوٹ ہے ان کے اس عمل سے وقتی طور پر فائدہ ہو گا لیکن لمبے وقت کے حوالے سے سوچیں تو پاکستان کو معاشی طور پر بہت نقصان ہو گا۔