غزہ سٹی، کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) غزہ سٹی کے دوسرے بڑے علاقے تل الحوا میں بھی اسرائیلی فوجیوں نے خون کی ندیاں بہادیں،مزید 60فلسطینی شہید،شہداءمیں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے ،علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں کو کئی روز سے جاری حماس کی مزاحمت کے بعد تل الحوا سے پسپا ہونا پڑا، خان یونس کے قریب اسرائیلی حملے میں برطانوی امدادی تنظیم کے 4ارکان شہید ہوگئے،امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ اب بند ہونی چاہئے۔ تفصیلات کے مطابق خونریز اور تباہ کن کارروائیوں کے بعد صیہونی فوجی شہر سے نکل گئے جس کے بعد محکمہ شہری دفاع کا کہنا ہے کہ انہوں نے تل الحوا اور سینا ڈسٹرکٹس سے تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے سے 60لاشیں برآمد کرلیں،درجنوں افراد کی لاشیں اب بھی ملبے تلے دبی ہوئی ہیں ، خان یونس کے قریب اسرائیلی حملے میں برطانیہ کی انسانی امدادی تنظیم الخیر فاؤنڈیشن کے چار امدادی کارکن بھی شہید ہو گئے۔