کراچی (نیوز ڈیسک)اسد کے بعد شام میں خالی کی گئی جیلیں دوبارہ بھرنے لگیں، ظلم اورتشدد واپس، وعدوں کے برعکس پرانے دور کی جیلیں پھر فعال،بلا الزام گرفتاریاں، بھتہ خوری اور زیرحراست اموات ،اقلیتوں سمیت مختلف طبقات کے سینکڑوں افراد نشانہ،انسانی حقوق اداروں نے بھی شدید تشویش کا اظہار کیا۔ برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسد حکومت کے خاتمے کے ایک سال بعد شام میں وہ جیلیں اور حراستی مراکز دوبارہ بھرنے لگے ہیں جنہیں بند کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا ۔ صدر احمد الشراع کی حکومت کے تحت سیکورٹی کے نام پر سینکڑوں افراد کو بغیر مقدمہ حراست میں رکھا جا رہا ہے جہاں تشدد، بدسلوکی، بھتہ خوری اور حراست میں اموات کی شکایات سامنے آئی ہیں۔