اسلام آباد(نمائندہ جنگ)پاکستان اور امریکا نے سیکورٹی اور انسداد منشیات شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کر لیا ،دونوں ملکوں کے درمیان آئندہ اکتوبر میں لا انفورسمنٹ ڈائیلاگ ہو گا۔ امریکا کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے اہم ملاقات کی،ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات میں انسداد دہشتگردی، انسداد منشیات اور سیکیورٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیاجبکہ اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ باہمی اشتراک سے "لاء انفورسمنٹ ڈائیلاگ" کا انعقاد اکتوبر میں کیا جائیگا۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعدادکار بڑھانے میں امریکی تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں وزارت داخلہ بھر پور معاونت کرے گی۔انہوں نے امریکی سفیر کو بتایا کہ حالیہ دورہ نیویارک میں اسلام آباد پولیس اور نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے درمیان تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی اور اس سلسلے میں باہمی اشتراک کار کے مواقع سے استفادہ کرنے کیلئے اسلام آباد پولیس کا وفد جلد نیویارک کا دورہ کرے گا۔