پشاور (اے پی پی) سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کے خلاف مضحکہ خیز مواد شئیر کرنے پر فریقین کے مابین فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق جبکہ کئی زخمی ہوگئے، زخمیوں کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر چار ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ ایک کلاشنکوف اور تین پستول برآمد کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ یکہ توت کی حدود رشید گڑھی میں سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کیخلاف مضحکہ خیز مواد شیئر کرنے پر فریقین کے مابین فائرنگ سے ارشد ولد شیر افضل، حاجی حمید ولد عامر اور نیازعلی ولد وسیع اللہ لگ کر جاں بحق جبکہ ابراہیم ولد امجد، ہارون ولد وارث، عارف، شاداب پسران ادریس، قدر بادشاہ ولد نور بادشاہ لگ کر شدید زخمی ہوگئے ہیں۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس پی سٹی ظفر احمد خان، ڈی ایس پی یکہ توت توحید خان ، ایس ایچ او تھانہ یکہ توت حضر حیات دیگر نفری پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعشوں کو پوسٹمارٹم اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کی خاطر ہسپتال منتقل کردیا۔پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملوث ملزمان ہمایوں ولد حاجی امین، امین ولد امیر خان، عثمان ولد جلال الدین، جلال الدین ولد نور رحمان کو گرفتار کر کے ایک عدد کلاشنکوف اور تین عدد پستول بھی برآمد کرلئے گئے ہیں۔