لوٹن( نمائندہ جنگ ) کشمیر سالیڈیرٹی کمپین لوٹن کے کوآرڈینیٹر حاجی چوہدری محمد قربان نے قرارداد الحاق پاکستان کے اہم دن (19جولائی) کی مناسبت سے کہا ہے کہ یہ تاریخ کشمیر کا وہ عہد ساز دن ہے جب کشمیر کے مظلوم عوام یہ عہد و پیماں کرتے ہیں کہ تحریک آزادی کی کامیابی اور تکمیل پاکستان تک جدوجہد اور قربانیوں کا سفر جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا 19جولائی کے حوالے قرارداد الحاق پاکستان کو تاریخ کشمیر میں وہی حیثیت حاصل ہے جو قرداد پاکستان کو تحریک پاکستان میں حاصل ہے۔ انہوں نے کہا بدقسمتی سے تقسیم برصغیر کے وقت برطانوی حکومت نے مسئلہ کشمیر کو حل طلب چھوڑ دیا پھر بھارتی حکمرانوں نے کشمیر ی عوام کے جائز حق خودارادیت کو عالمی قراردادوں کے ہوتے ہوئے بھی پورا نہ کیا اور آج تک رائے شماری کا حق نہیں دیا بلکہ مقبوضہ کشمیر پر اپنے تسلط جمانے کے لیے اپنی ملٹری فورسز میں اضافے پر توجہ دی اور کشمیری عوام کی جائز آواز کو دبانے کی کوشش کی ۔ قرداد الحاق پاکستان کی روشنی میں کشمیری عوام نے ہر اہم موقع پر پاکستان سے الحاق کے عزم کو دہرایا ہے 1947میں کشمیر کی نمائندہ جماعت آل جموںوکشمیر مسلم کانفرنس میں کشمیریوں کے مستقبل کیلئے ایک منزل کا تعین کیا تھا یہ برصغیر کے مسلمانوں کے عظیم تاریخ اور اس کے نتیجے میں قائم ہونے والے ملک پاکستان کیساتھ وابستہ ہونے کا حتمیٰ فیصلہ تھا آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس نے غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی رہائش گاہ آبی گزر سرینگر پر الحاق پاکستان کی قرداد منظور کی گئی تھی یہ کشمیریوں کا اجتماعی فیصلہ تھا اور اس کا مقصد پاکستان کی تکمیل کرنے اور یہاں کشمیر کا مستقبل محفوظ کرنا تھا، اس قرارداد پر بابائے قوم چوہدری نور حسین ( موجودہ صدر آزاد کشمیر کے والد مرحوم) نے بھی دستخط کیے تھے ہم اس قرارداد پر عمل درآمد کیلئے ہمہ وقت کوششوں کو جاری رکھیں گے۔