• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئی نسل کو پاکستان اور جاپان کے مابین دوستی اور محبت پروان چڑھانے کا ذریعہ بنائیں: امام پروفیسر ڈاکٹر محمد الیاس

--- جنگ فوٹو
--- جنگ فوٹو

معروف عالم دین اور شاہ فیصل مسجد کے امام پروفیسر ڈاکٹر محمد الیاس کا کہنا ہے کہ جاپان میں مقیم پاکستانی اپنی نئی نسل کو پاکستان اور جاپان کے درمیان دوستی اور محبت پروان چڑھانے کا ذریعہ بنائیں۔ 

معروف سماجی شخصیات جاوید نیازی اور سلیم ساندھا نے معروف عالم دین اور مسجد شاہ فیصل مسجد کے امام پروفیسر ڈاکٹر محمد الیاس صاحب کے اعزاز میں جاپان کے شہر یاشیو میں تقریب کا اہتمام کیا۔

تقریب میں  پیپلز پارٹی جاپان کے صدر شاہد مجید ، سینیئر لیگی رہنما سید ابرار شاہ ، ناصر گجر ، شیخ عارف سمیت پاکستانی کمیونٹی کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معروف عالم دین پروفیسر ڈاکٹر محمد الیاس صاحب نے کہا ہے کہ جاپان سمیت دنیا بھر میں مقیم پاکستانی اپنے بہترین اخلاق اور کردار سے پاکستان اور دینِ اسلام کی سربلندی کا زریعہ بنیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دین اور ہمارے ملک نے ہمیں جو اچھائیاں دی ہیں ہماری ذمے داری ہے کہ وہ تمام اچھائیاں ہم جاپان کے معاشرے میں پھیلائیں اور جو اچھائیاں ہم جاپان کے معاشرے سے سیکھیں وہ تمام ہم اپنے ملک میں پھیلائیں تاکہ دونوں معاشروں میں اچھائیاں اور بھلائیاں پروان چڑھیں۔

ڈاکٹر الیاس کے مطابق اوورسیز پاکستانی ہمارا قومی اثاثہ ہیں اور جو قربانیاں وہ پاکستان کے لیے دیتے ہیں انہیں اس کا صلہ بھی ملنا چاہیے۔

ان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کی شاہ فیصل مسجد میں 3 لاکھ 13ہزار نمازیوں کی گنجائش ہے جو اہم مواقعوں، جن میں جمعتہ الوداع ، ستائیس رمضان المبارک ، امام کعبہ کی آمد شامل ہیں، پر گنجائش سے زیادہ نمازیوں سے بھر جاتی ہے۔ 

انہوں نے بتایا کہ اس مسجد میں 11 امام اور مفتی ہیں اور یہ واحد مسجد ہے جو براہ راست وزیر اعظم اور ایوان صدر کے زیرِ انتظام ہے۔

تقریب کے اختتام پر پروفیسر ڈاکٹر محمد الیاس نے تقریب کے حاضرین کو دعوت دی کہ وہ جب بھی اسلام آباد آئیں فیصل مسجد ضرور تشریف لائیں۔

خاص رپورٹ سے مزید