مانچسٹر (ہارون مرزا) برطانیہ میں آئی ٹی بندش کی وجہ سے مسلسل چار یوم سے ائیر پورٹس پر فلائٹوں کی منسوخی کے باعث سیکڑوں مسافر اپنی منزل پر پہنچنے سے قاصر ہیں۔ درجنوں پروازیں منسوخ ہو نے کی وجہ سے ائیر پورٹس پر قطاروں میں گھنٹوں کھڑے رہنے والے والدین اور معصوم بچوں کی حالت قابل رحم ہو گئی۔ سفری خدمات منسوخ ہونے سے مسافروں کے سامان کی جانچ پڑتال بھی ان کے لیے ذہنی اذیت کا سبب بن رہی ہے۔ گزشتہ روز بھی انگلینڈ کے ہوائی اڈوں پر درجنوں مزید پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ ہیتھرو میں دس پروازوں کے ساتھ لندن سٹی میں11، گیٹوک میں 10اور مانچسٹر میں 6پروازیں منسوخ کی گئیں ۔ برٹش ایئرویز اور ایزی جیٹ نے بالترتیب 18اور 10 پروازیں منسوخ کی ہیں۔ یورپی شہروں جیسے کہ روم، برلن اور زیورخ سے آنے والوں کی آمد ان لوگوں میں شامل تھی جو جمیکا اور امریکی شہروں بشمول لاس ویگاس اور نیویارک سے تعلق رکھتے تھے۔ گزشتہ روز جو خلل کا سامنا کرنا پڑا ان میں رچ روڈز بھی تھا جس کی ہیتھرو سے میامی کیلئے دوپہر1بجے کی (بی اے) پرواز کو روک دیا گیا تھا۔ مسافروں نے سوشل میڈیا پر آئی ٹی بندش کے باعث پیش آنے والی مشکلات کا ذکرشیئر کرتے ہوئے شدید غم وغصے کا اظہار کیا ہے۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ معصوم بچے شدید ذہنی و جسمانی اذیت کا شکار ہو رہے ہیں۔ فلائٹس کی عین روانگی سے دو گھنٹے قبل فلائٹیں منسوخ کی جا رہی ہیں۔ کسٹمر سروس پر بھی رابطہ نہیں کیا جا سکتا۔ این ایچ ایس انگلینڈ کی طرف سے بھی ایک انتباہ جاری کیا گیا ہے کہ جس میں تاکید کی گئی ہے کہ اپوائنٹمنٹ لینے والے مریضوں کو جب تک آنے کے لئےنہ کہا جائے وہ تو انتظار کریں۔ سائبرسیکورٹی فرم کرائوڈ سٹرائیک کی طرف سے تیار کردہ ایک ناقص اپ ڈیٹ نے جمعہ کو دنیا بھر میں بہت سی سروسز کو آف لائن کر دیا جس کی وجہ سے فلائٹیں اور ٹرینیں منسوخ کرنا پڑی ہیں۔ اس سے صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو نقصان پہنچا ہے۔ اپ ڈیٹ میں ایک بگ کے لیے ایک فکس تعینات کیا گیا تھا جس نے مائیکرو سافٹ ونڈوز آپریٹنگ سسٹم کو چلانے والے آلات کو متاثر کیا۔ کرائوڈ سٹرائیک کے چیف ایگزیکٹیو جارج کرٹز نے کہا ہے کہ سسٹم کو مکمل طور پر بحال ہونے میں کچھ وقت لگے گا۔ ٹریول ماہر سائمن کالڈر نے بتایاہے کہ یہ برطانیہ کے ہوائی اڈوں سے باہر پروازوں کے لیے سال کا مصروف ترین ویک اینڈ ہونے والا تھا مجموعی طور پر 7سو فلائٹوں کی منسوخی سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔